چیف جسٹس تحریک لبیک سے معاہدے، قتل و غارت پر از خود نوٹس کارروائی کریں، اسلم فاروقی

معاہدے کے بعد سے صورتحال سنگین، قیمتی انسانی جان و مال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے،بانی ایم کیو ایس سی

جمعہ 29 اکتوبر 2021 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2021ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی سرگرم تنظیم محب قومی سماجی کونسل(ایم کیو ایس سی)پاکستان کے بانی و چیئرمین، ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ اور 2013 کے عام انتخابات میں این اے 240 کراچی کے سابق امیدوار ممبر قومی اسمبلی محمد اسلم خان فاروقی نے چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے اپیل کی ہے کہ وفاقی حکومت کے تحریک لبیک سے معاہدے، قتل و غارت پر ملک اور انصاف کے وسیع تر مفاد میں فی الفور از خود نوٹس کارروائی کریں حکومت کے تحریک لبیک سے معاہدے کے بعد سے صورت حال سنگین ہے اور ملک بھر میں قیمتی انسانی جان و مال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے اور جاری قتل و غارت پر چیف جسٹس پاکستان مزید خاموش رہے تو ملک کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اور ملک تباہی کی طرف بھی جاسکتا ہے اس لئے حکومت اور تحریک لبیک کے معاملے کو چیف جسٹس پاکستان عدالت میں ہی حل کریں اور اس سلسلے میں حکومت اور تحریک لبیک سے فوری جواب طلبی کریں۔