پنجاب حکومت نے این اے 133 کاضمنی انتخاب ملتوی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا

19 نومبرکو خادم حسین رضوی کی برسی ہے، امن وامان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے‘محکمہ داخلہ

جمعہ 29 اکتوبر 2021 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2021ء) حکومت پنجاب نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کاضمنی انتخاب ملتوی کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کوخط لکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم نے پرتشدد لانگ مارچ شروع کررکھا ہے اور مظاہرین کے تشدد سے کئی پولیس اہلکارشہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی ضمنی الیکشن ری شیڈول کرنے کی سفارش کی ہے۔خط میں درخواست کی گئی ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے باعث ضمنی الیکشن ری شیڈول کیا جائے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 19 نومبرکو خادم حسین رضوی کی برسی بھی ہے، امن وامان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں 5 دسمبر کو پولنگ شیڈول ہے۔