ٴْمریدکے، حاجی یونس ٹرسٹ کے زیر اہتمام53نادار لڑکیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام

اتوار 31 اکتوبر 2021 19:20

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما چودھری محمد ارشد ورک کی جانب سے حاجی یونس ٹرسٹ کے زیر اہتمام53نادار لڑکیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود رشید اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

رانا تنویر فٹ بال اکیڈمی مریدکے میں منعقدہ پر وقار تقریب میں دو ہزار سے زائد باراتیوں کی دعوت کا اہتمام کیا گیا جہاں علاقہ بھر سے 53غریب اور نادار لڑکیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما چودھری محمد ارشد ورک کے والد حاجی محمد یونس کے نام سے قائم حاجی یونس ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین سال قبل 50اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے تیسرے پروگرام میں53لڑکیوں کو مکمل جہیز کے سامان کے ساتھ شادی کے بندھن میں باندھنے کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماؤں چودھری انعام اللہ ورک، محمد سلیم بھٹی کی نگرانی میں پر وقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں محمود رشید نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں والدین اپنے بیٹیوں کی شادی کے لیے پریشان ہیں مگر چودھری محمد ارشد ورک جیسے انسان دوست اورخدا ترس افراد نے اپنی جیب سے اجتماعی شادیوں کی تقریب کا اہتمام کرکے بہترین انسانی خدمات سر انجام دی ہیں جس پر اللہ تعالی ٰ انہیں اجرعظیم سے نوازے گا۔

انہوںنے کہا کہ مخیر حضرات ایسے اقدامات کرکے کم آمدنی والے افراد کی پریشانیاں کم کر سکتے ہیں۔ بریگیڈیر(ر) راحت امان اللہ بھٹی نے کہا کہ چودھری محمد ارشدورک جیسے افراد حقیقی معنوں میں عوامی نمائندگی کے حقدار ہیں جو عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جیب سے بھی اخراجات کرنے پر تیار رہتے ہیں۔ تقریب میں متحدہ پریس کلب مریدکے کے چیئرمین سید قاسم علی شاہ، سابق صدر سید سجاد الحسن شیرازی، سابق سیکرٹری سعادت علی، خواجہ عامر حمید، سید طاہر محی الدین سمیت علاقہ بھر کی اہم شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔