حکومت نے عوام پر مزید ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی

حکومت نے مشروبات پر اور تمباکو پر نیا ٹیکس لگانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 4 نومبر 2021 16:14

حکومت نے عوام پر مزید ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 نومبر2021ء) : وفاقی حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر نیا بوجھ ڈالنے کی تیاری شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں 15 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں مشروبات پر نیا ٹیکس لگانے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی جبکہ اجلاس میں مضر صحت میٹھے مشروبات اورتمباکو پر ٹیکس لگانےکی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کھاد کے کارخانوں کے لیے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی سمری زیر غور آئے گی اور پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ای سی سی پاورڈویژن اخراجات کے لیے 3 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی سمری پر غور کرے گی جبکہ ملک میں گندم کے دستیاب ذخائر اور طلب پر بھی غور ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں گندم درآمد سے متعلق چھٹا ٹینڈر کھولنے کی منظوری دی جائے گی اور افغانستان کوگندم کی فراہمی کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی اسٹریٹیجک اسٹیٹ پالیسی فریم ورک اور پاک فضائیہ اہلکاروں کے لیے سکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی سمری پر بھی غور کرے گی۔ ایجنڈے میں تیل و گیس میں خود کفیل خیبرپختونخواہ اضلاع میں گیس نیٹ ورک بحالی کی منظوری اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کےدوسرے مرحلے کی منظوری بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے، جس نے عوام کو چکی میں پسنے پر مجبور کر دیا ہے۔ حال ہی میں وفاقی حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرایا جس نے شہریوں کو معاشی طور پر مشکل میں مبتلا کر دیا ہے ۔