ووٹ کو عزت دو کے ساتھ مخلص ہیں تو بیک ڈور رابطے ختم کروائیں

اپنے ساتھیوں کو دیکھیں کہ وہ کس کے ساتھ ہیں؟ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 نومبر 2021 16:39

ووٹ کو عزت دو کے ساتھ مخلص  ہیں تو بیک  ڈور رابطے ختم کروائیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 نومبر 2021ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ ن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جب ہم نئے انتخابات کی بات کرتے ہیں تو سابق حکمران کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں حکومت پانچ سال پورے کرے۔ قمر زمان کائرہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے ساتھ مخلص ہیں تو بیک ڈور رابطے ختم کروائیں۔

اپنے ساتھیوں کو دیکھیں کہ وہ کس کے ساتھ ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ئے انتخابات کی بات کرتے ہیں تو ساتھی پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے متعلق بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اب عملاً ختم ہو چکی ہے، جب تک پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں تھی تب تک پی ڈی ایم میں جان تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اوربےروزگاری نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور حکومت دوسرے ممالک سے پاکستان کا موازنہ کررہی ہے۔ موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا بھوک سے بُرا حال ہو گیا ہے اوریہ کہتے ہیں آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ چینی،آٹا،تیل اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور مزید اضافہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم قیمتیں بڑھا کرکہتے ہیں ہم سیکھ رہے ہیں، ہمیں مہنگائی میں دنیا کی مثالیں نہ دیں غریب کوریلیف دیں،چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا،اس میں کہاں سے ڈالر کا عمل دخل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال سے نکلنے کا واحد حل حکومت سے چھٹکارا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے مابین ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں کے مابین حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔