اسٹیٹ بینک کی خود مختاری اور کل بھوشن کو اپیل کا حق دینا عالمی ایجنڈا ہے : جاوید قصوری

تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے،ڈالر 170 جبکہ تجارتی خسارہ ایک 66کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے

ہفتہ 20 نومبر 2021 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے ملک میں مہنگائی کی شرح 400فیصد تک بڑھ چکی ہے۔عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔ نا اہل حکمرانوں کی جانب سے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافہ در اصل ملکی صنعت کے لیے آخری کیل ثابت ہوگا۔

اس سے حکومتی قرضوں میں بھی 300ارب روپے کا سالانہ بوجھ پڑے گا۔ سرمایہ کار پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے گھبراتے ہیں، شرح سود میں اضافے سے سرمایہ کاری مزید سست ہوجائے گی۔ حکمرانوں نے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالر 170روپے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ تجارتی خسارہ ایک رب 66کروڑ ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔ غریب عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا گیامگر صورتحال یہ ہے کہ عوام کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔ تین سال گزرنے کے باوجود پچاس لاکھ گھر توکیا ،محض پچاس گھر کسی کو نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا مزہ بھی عوام نے چکھ لیا ہے۔

موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکومتوں کا تسلسل ہیں۔ ملک و قوم کو بحران میں دھکیل دیا گیا ہے۔ کلبھوشن کو اپیل کا حق فراہم کرنا عالمی دبائو پر بھارت کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔ اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کو بھی آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل در آمد کرتے ہوئے پامال کیا جارہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کی قوت خرید اورقوت برداشت دونوں ہی جواب دے گئی ہیں۔ ادویات کی قیمتوںمیں312فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔ نا ا ہل حکمران عوام کو علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں ۔