نالائق حکومت آئے روز بحرانوں کو جنم دے رہی ہے،صوبائی وزراء

عمران حکومت آئی ایم ایف سے معاہدوں کے بعد پیٹرول سمیت دیگر اشیاء مہنگی کرنے کی تیاری کررہی ہے،اسماعیل راہو ملک چلانے کے دعویداروں سے ایک ایسوسی ایشن نہیں سنبھل رہی ہے،یہ مزید قیمتیں پیٹرولیم ڈیلرز کے کاندھوں پررکھ کرعوام سے وصول کریں گے،اویس قادرشاہ

جمعرات 25 نومبر 2021 15:47

نالائق حکومت آئے روز بحرانوں کو جنم دے رہی ہے،صوبائی وزراء
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2021ء) صوبائی وزراء نے کہاہے کہ نالائق حکومت آئے روز بحرانوں کو جنم دے رہی ہے۔سندھ کے صوبائی وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران حکومت آئی ایم ایف سے معاہدوں کے بعد پیٹرول سمیت دیگر اشیا مہنگی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہی مہنگائی سے عوام پریشان ہے اور اب پیٹرول پمپس بند ہونے سے لوگوں کا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیٹرول پمپس بند ہونے سے لوگ دفاتر پہنچ نہیں سکتے ، ملک میں بجلی بند، گیس بند ،روڈ بند ، اسپتال بند، چینی بند اور روٹی بند ایک چیز کھلی رہتی تھی مگر پیٹرول پمپس وہ بھی بند ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل حکومت نے عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا اور آج پیٹرول نہیں مل رہا، عوام کو پیٹرول ملے نہ ملے مگر وفاقی وزرا کو تو مفت میں مل جاتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہاکہ ملک چلانے کے دعویداروں سے ایک ایسوسی ایشن نہیں سنبھل رہی ہے۔ملک میں پیٹرول کی عدم فراہمی سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نااہل وفاقی حکومت نے ہر کاروبار کو اپنی منطقوں سے نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ مزید قیمتیں پیٹرولیم ڈیلرز کے کاندھوں پررکھ کرعوام سے وصول کریں گے۔