پی آئی اے کی طرف سے پاکستان ہندو کونسل کیلئے خصوصی پرواز

جمعرات 25 نومبر 2021 16:30

پی آئی اے کی طرف سے پاکستان ہندو کونسل کیلئے خصوصی پرواز
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2021ء) :پاکستان ہندو کونسل کے رہنما ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کی درخواست پر پاکستان انٹر نیشنل ایئر لا  ئینز، پی ائی اے نے خصوصی پرواز آپریٹ کی اور خصوصی پرواز پر کثیر تعداد میں ملکی اور غیر ملکی ہندو زائرین نے کراچی سے کرک براستہ پشاور سفر کیا، زائرین نے کرک میں واقعہ مقدس مندر شری پرم ہانس دیال جی مہاراج سمادھی کا دورہ کیا اور پاکستان کی سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے خصوصی عبادات کی گئیں۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کراچی واپسی پر زائرین کے رہنماوں کا خصوصی طور پر حکومت پاکستان، مقامی حکام اور پی آئی اے کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اپنی رسومات کیلئے آزاد ہیں، حکومت ملک میں مذہبی سیاحت کو بڑھانے کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سے درخواست ہے کہ اب ایسی بین ا لاقوامی پروازیں بھی چلائیں تاکہ باہر سے لوگ پاکستان بآسانی زیارات کیلئے آسکیں۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے تمام ایسے مقاصد میں معاونت کرے گی جو کہ ملکی مفاد میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کی خدمت کیلئے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا ہے۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے فرمودات کی روشنی میں انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور یہ ہمیشہ سے پی آئی اے کا نصب العین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا وطن ہے اور ہم قومی ائیرلائن ہیں۔