اوپن یونیورسٹی ڈیجٹلائزیشن کے نتیجے میںعالمی سطح پرتیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے

ملایشاء ، اٹلی ، کینڈا ،افریقہ اور امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک سے طلبہ نے میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ لیا ہے

جمعہ 26 نومبر 2021 14:59

اوپن یونیورسٹی ڈیجٹلائزیشن کے نتیجے میںعالمی سطح پرتیزی سے مقبولیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیجٹلائزیشن کے نتیجے میںعالمی سطح پر تیزی سے مقبولیت حاصل کررہی ہے، یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2021ء میں پہلی بار بین الاقوامی طلبہ کیلئی30سے زائد تعلیمی پروگرامز متعارف کئے ، پہلے مرحلے میں میٹرک اور ایف اے پروگرامز آفر کئے گئے تھے جن میں ملایشاء ، اٹلی ، کینڈا ،افریقہ اور امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک سے طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔

بین الاقوامی تعاون و تبادلے کے ڈائریکٹوریٹ نے بین الاقوامی طلبہ کی راہنمائی کے لئے گذشتہ روز اوورینٹیشن سیشن منعقد کیا جس میں ڈاکٹر زاہد مجید نے نئے داخل ہونے والے طلبہ کو یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی بریفنگ دی ، 2گھنٹوں پر مشتمل اورینٹیشن سیشن میں پہلی بار داخل بین الاقوامی طلبہ کو داخلے سے لیکر کتابوں کی فراہمی ، اسائنمنٹس جمع کرانے ، ٹیوٹرز کے پتوں انکے فون اور ای میل نمبرز تک رسائی، امتحانات میں شرکت کا طریقہ کاراور اگلے سمسٹر کا فارم جمع کرانے کا شیڈول اور طریقہ کار سے آگاہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر زاہد مجید نے بین الاقوامی طلبہ کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر ہم بین الاقوامی طلبہ کے سوالات کے جوابات و مسائل حل کرکے 24گھنٹوں کے اندر اندر انہیں فیس بک ، واٹس ایپ ، ای میل یا فون نمبر پر اطلاع دیتے ہیں۔واضح رہے کہ یونیورسٹی نے دوسرے مرحلے میں اوورسیز پاکستانی اور بین الاقوامی طلبہ کے لئے ایم ای/ایم ایس سی/ٹیچر ٹریننگ پروگرامز ، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز ، چار سالہ بی ایس پروگرامز ، ڈیڑھ ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگراموں میں داخلے پیش کئے ہیں جن میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 6۔

دستمبر مقرر کی گئی ہے۔یاد رہے کہ بین الاقوامی طلبہ کے تمام تدریسی سرگرمیاں آن لائن ہونگی جن میں آن لائن داخلہ ، آن لائن کلاسز ، آن لائن لرننگ میٹریل ، آن لائن ورکشاپس اور آن لائن امتحانات شامل ہیں۔بین الاقوامی تعاون و تبادلے کے ڈائریکٹوریٹ نے بین الاقوامی طلبہ کے لئے داخلہ فارم آن لائن پر کرنے کا مرحلہ وار طریقہ ترتیب دے کر یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردیا ہے، پیش کئے گئے کورسز کی تفصیل ، داخلہ فارم /پراسپکٹس اور فیس جمع کرانے کا طریقہ بھی ویب سائٹ پرفراہم کردیا گیا ہے۔

اوورسیز پاکستانی اور بین الاقوامی طلبہ کو داخلہ حاصل کرنے میں اب کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ انکے لئے پیش کئے گئے تعلیمی پروگراموں کے بارے میں وہ کسی بھی قسم کی معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر Overseasلنک سے حاصل کرسکتے ہیں۔