خیرپور میڈیکل کالیج کی کمیونٹی مڈ وائف طالبات کو وظیفے سے محروم کرنا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی اور کرپشن کی کھلی دلیل ہے،ممتاز حسین سہتو

جمعہ 26 نومبر 2021 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے خیرپور میڈیکل کالیج سول ہاسپٹل کی کمیونٹی مڈوائف طالبات کو آٹھ ماہ سے وظیفہ نہ ملنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبات کو اپنے حق سے محروم کرنا ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی اور کرپشن کی کھلی دلیل ہے،جس طر ح سندھ کے اندر ہر فرد ظلم کا شکار ہے اسی طرح طالبات اور طلباء بھی متاثر ہیں، ایک طرف تعلیمی اداروں میں فیسوں کی بھرمار نے غریب اور مزدور کے بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کردیئے ہیں تو دوسری جانب اگر کہیں وظیفہ کا اعلان کرتے ہیں تو وہ بھی کاغذوں کی زینت ہوتا ہے جس کی تازہ مثال سول ہاسپٹل خیرپور میں زیرتربیت CMWطالبات کو وظائف کا نہ ملنا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہسندھ حکومت گذشتہ تیرہ سالہ دور حکومت میں صوبے کے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھی ناکام ہے جبکہ تعلیمی اداروں کی حالت زار تو اور بھی زیادہ بدتر ہے ،ایک طرف سندھ کے اعلیٰ تعلمی اداروں سے معصوم طالبات کی مسلسل لاشیں موصول ہورہی ہیں تو دوسری جانب خیرپور میڈیکل کالیج اور سول ہسپتال کی طالبات کو مسلسل آٹھ مہینوں سے وظیفہ نہ دینا سراسر ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی رہنماء نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران کیخلاف کاروائی کی جائے اور طالبات کو آٹھ ماہ کا وظیفہ فی مہینہ پانچ ہزار فی الفور ادا کیا جائے اور طالبات اور ان کے والدین کو جو سخت پریشانی کا سامنا ہے اس سے نجات دلائی جائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی دیگر سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر ضلع بھر میں بھرپور احتجاج کریگی۔