بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ایک اور منصوبے کا آغاز

این ٹی ڈی سی کی جانب سے 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر شروع کر دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 نومبر 2021 22:10

بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ایک اور منصوبے کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2021ء) بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے ایک اور منصوبے کا آغاز، این ٹی ڈی سی کی جانب سے 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر شروع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک میں طلب سے زیادہ بجلی کی پیدوار ہونے کے بعد بجلی کے ترسیلی نظام میں بھی بہتری لانے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

اس سلسلے میں ایک اہم ترین منصوبے کا آغاز ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے 100 کلومیٹر سے زائد طویل نئی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر شروع کی ہے۔ نوکھر گرڈ سٹیشن گوجرانوالہ سے لاہور نارتھ گرڈ سٹیشن تک 113 کلومیٹر طویل 500 کے وی ڈبل سرکٹ کواڈ بنڈل ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے- یہ ٹرانسمیشن لائن ایچ وی ڈی سی کنورٹر سٹیشن لاہور سے بجلی کی ترسیل کے لیے منسلک کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے میں بھی مدد کرے گا، منصوبہ 8305 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ لیسکو اور گیپکو کے علاقوں کے وولٹیج پروفائل اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ راوی، کالا شاہ کاکو، غازی روڈ، بند روڈ، مریدکے، کامونکی، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، منصوبے سے مذکورہ بالا علاقوں کے صارفین کی بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کرے گا۔

اس منصوبے سے زرعی، صنعتی اور تجارتی صارفین کی طلب کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل ہی سی پیک کے تحت ملک کی سب سے جدید ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر مکمل کی گئی تھی۔ مٹیاری سے لاہور تک 886 کلو میٹر طویل 600 کے وی کی بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائن کا ستمبر میں افتتاح کیا گیا تھا، جس کے بعد ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام میں واضح بہتری آئی۔