عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، بجلی 4 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

نیپرا فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پرآج سماعت کرے گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 10:17

عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، بجلی 4 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : مہنگائی کی ستائی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی گئی ہے۔ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 75 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی5روپے75پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دی ۔ سنٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اکتوبر میں ڈیزل سے 25 روپے 22 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں فرنس آئل سے 22 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ پانی سے بجلی کی پیداوار 23.26 فیصد اور کوئلے سے 16.69فیصد رہی۔

(جاری ہے)

درخواست کے مطابق فرنس آئل سے 10.88 اور ڈیزل سے بجلی کی پیداوار0.51 فیصد رہی۔گزشتہ ماہ گیس سے 9.67 اور ایل این جی سے 23.96 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 60 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا۔ اس حوالے سے نیپرا نے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سےجاری نوٹی فیکیشن کےمطابق اضافہ ستمبرکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جو نومبر2021 کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ بجلی کی قیمت میں اس اضافے سے کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کو استثنٰی دیا گیا تھا تاہم دیگر صارفین پر حالیہ اضافے سے30ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔ جبکہ گذشتہ ہفتے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند ماہ بعد بجلی کی قیمت بڑھانا پڑ سکتی ہے۔