کرپشن کے ناسور نے سرکاری اداروں کو تباہ کر دیا ہے،سمیراساہی

عوام اپنی شکایات لیکر اپنے منتخب نمائندوں تک پہنچتے ہیں تو انہیں کبھی انصاف نہیں ملتا،امیدوارکی گفتگو

منگل 30 نومبر 2021 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) عوام کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی میں افسر شاہی کے ہاتھوں بہت دکھ اٹھانے پڑتے ہیں۔ کون سا سرکاری ادارہ ہے جو عوام کے ساتھ ظلم و ناانصافی سے پیش نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار امیدوارحلقہ این اے 75ڈسکہ سمیراساہی نے ایک ملاقات کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے سرکاری اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔

بدعنوان افسر اور اہلکار کرپشن کی چھری سے مظلوم عوام پر وار کرتے ہوئے کبھی ترس نہیں کرتے۔سمیرا ساہی نے کہا کہ عوام اپنی شکایات لیکر اپنے منتخب نمائندوں تک پہنچتے ہیں تو انہیں کبھی انصاف نہیں ملتا۔ الیکشن میں تھانہ کلچر کے نعرے بلند کرنیوالے سیاستدان بعد میں ظالم اور رشوت خور محکمہ پولیس کے معاون و مددگار بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پٹواری کی دھونس، دھاندلی اور رشوت خوری کا عذاب بھی سیاستدانوں کی سرپرستی میں عوام کے سروں پر مسلط رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی اور وفاقی سرکاری ادارے جتنی کرپشن کرتے ہیں۔ ایم این اے اور ایم پی اے حضرات اس میں برابر کے حصہ دار ہوتے ہیں اس لئے عوام ظلم کی چکی میں پستے رہتے ہیں۔ سمیرا ساہی نے کہا کہ عوام چیختے اور چلاتے ہیں لیکن انکی چیخ و پکار صحرا میں آواز کی طرح اس لئے بے سود اور بے اثر ثابت ہوتی ہے کیونکہ عوام کے منتخب حکمران اپنے مطلب و مفاد کیلئے عوام کے بجائے افسر شاہی کے ساتھی اور رفیق بن جاتے ہیں۔