افغانستان کی وزارت ہائر ایجوکیشن کے آٹھ رکنی وفد کا اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

منگل 7 دسمبر 2021 14:39

افغانستان کی وزارت ہائر ایجوکیشن کے آٹھ رکنی وفد کا  اوپن یونیورسٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) افغانستان کی وزارت ہائر ایجوکیشن کے 8رکنی وفد نے اعلیٰ تعلیم کے قائم مقام وزیر، الحاج مولوی عبدالباقی حقانی کی قیادت میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔وفد نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم  سے افغانستان کے تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میں معاونت حاصل کرنے پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے افغان وفد کو افغانستان کے تعلیمی نظام اور تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی افغانستان کی جامعات کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تعاون فراہم کرنے، افغان اساتذہ کو تربیت دینے اور کورسز بنانے کے علاوہ افغان طلبہ کو اوپن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے لئے سکالرشپس فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے افغان سرحدی علاقوں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ذریعے افغانستان کے بچوں اور بچیوں کو گھر کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔وائس چانسلر نے افغان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی افغانستان میں ریجنل کیمپس تعمیر کرنے کی خواہش بھی رکھتی ہے اور اس حوالے سے وزارت تعلیم کو تجاویز ارسال کی جاچکی ہیں، وہاں سے منظور ہونے پر یونیورسٹی افغانستان میں اپنا ریجنل کیمپس تعمیر کرے گی۔

الحاج مولوی عبدالباقی حقانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو میں ساتھ دینے پر ہم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بالخصوص یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی بارڈرز سے افغانستان کے بچوں کو تعلیمی سہولتوں کی اوپن یونیورسٹی کی پیشکش خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تعلیم کے فروغ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تجربات سے استفادہ کے لئے ہم ایک ٹیم تشکیل دینگے جو اوپن یونیورسٹی کی ٹیم کے ساتھ ایک مربوط روڈ میپ تیار کرے گی۔

وزارت تعلیم کے جوائنٹ سیکرٹری، جنید اخلاق نے کہا کہ وزارت تعلیم اوپن یونیورسٹی کی افغانستان میں ریجنل کیمپس کے قیام کی تجویز پر غور و فکر کررہی ہے، بہت جلدحتمی نتیجے پر پہنچ کر یونیورسٹی کو وہاں علاقائی دفتر کے قیام کی منظوری مل جائے گی۔افغان وفد میں نائب وزیر تعلیمی امور، ڈاکٹر لطف اللہ خیرخواہ،کابل یونیورسٹی کے چانسلر، ڈاکٹر اسامہ عزیز، چیف آف سٹاف،عرفان اللہ عباد، ڈائریکٹر نشریات و معلومات، ڈاکٹر دلاور سلاب اور ڈائریکٹر ترقیاتی پروگرام، انجینئر روح اللہ حقانی شامل تھے۔

اجلاس میں اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرا ر، راجہ عمر یونس، چاروں ڈینز، ڈائریکٹر  جنرل ریجنل سروسز، انعام اللہ شیخ، کنٹرولر امتحانات اور شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر پرنسپل آفسران بھی موجود تھے۔پاکستانی زبان و ادب کے چئیرمین، ڈاکٹر عبداللہ جان عابد نے مترجم کے فرائض انجام دئیے۔ بین الاقوامی تعاون و تبادلے کے ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے افغان وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں افغان وفد نے یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری، ریڈیو ٗ ٹی وی سٹوڈیوز، جدید ڈیٹا سینٹر اور پرنٹنگ پریس کا دورہ بھی کیا۔