Live Updates

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست پر ریحام خان کا تبصرہ

تحریک انصاف وفاق سمیت دو صوبوں میں حکومت ہونے کے باوجود ہر جگہ بدترین شکست سے دوچار ہے۔ عمران خان کی سابقہ اہلیہ کا ٹوئیٹ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر پیر 20 دسمبر 2021 21:41

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست پر ریحام خان ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 دسمبر2021ء) خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست پر ریحام خان کا تبصرہ۔ تحریک انصاف وفاق سمیت دو صوبوں میں حکومت ہونے کے باوجود ہر جگہ بدترین شکست سے دوچار ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی کے پی بلدیاتی انتخابات پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں ریحام خان نے لکھا کہ ’’تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس کی وفاق سمیت دو صوبوں میں بھی حکومت ہے لیکن ہر جگہ بدترین شکست سے دوچار ہے‘‘ اپنے ٹوئیٹ میں ریحام خان نے ’’الوداع سلیکٹڈ الوداع‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ 
 
اس سے قبل رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی بلکہ تبدیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ تبدیلی رسوائی، بدنامی اور کروڑوں بد دعائیں سمیٹ کر جا رہی ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ تبدیلی 22 کروڑ کے ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، نالائقی اور نااہلی کی دلدل میں دھکیل کر جا رہی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہر شعبہ میں بدترین اور تاریخی ناکامی کے انمٹ داغ اپنے ماتھے پر سجا کر وہ جا رہی ہے تبدیلی۔ 
 
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے کئی مضبوط حلقوں میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی ف صوبے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کو دھچکا دینے میں کامیاب رہی۔

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علماء اسلام ف 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔ آزاد امیدوار 8 نشتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر جب کہ اے این پی بھی 8 سیٹیں لینے میں کامیاب رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور اب تک صرف 3 نشستوں پر فتح حاصل کر سکی جبکہ جماعت اسلامی 2 اور پاکستان پیپلز پارٹی محض 1 سیٹ جیت سکی۔ صوبے کی سب سے اہم پشاور سٹی میئر کی نشست پر جے یو آئی ف نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا ہے۔ جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر ہیں۔

صوبے کے 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی ف کا میئر کا امیدوار کامیاب رہا ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گزشتہ روز ہوئی تھی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتخابات سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے، پارٹی نظم و ضبط کو ہرصورت برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مقبول پارٹی ہے، بہت سے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے، ہمیں ایک موقع ملا ہے کہ اپنی حکمت عملی بدلیں۔ شبلی فراز کا کہنا ہے کہ خامیوں کو دور کریں گے، پارٹی کے ورکروں کو اوپر لائیں گے، تحریک انصاف کو کچھ جگہ پر کامیابی ہوئی ہے، ہم کارکنوں کو متحرک نہیں کرسکے تھے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ حکمت عملی میں کیا کمزوری تھی۔ دوسری جانب انتخابات کے نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا انتخابات نے ثابت کر دیا کہ جے یو آئی (ف) خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج نے ان کے مؤقف کی تائید کی ہے کہ 2018ء کا الیکشن دھاندلی پر مبنی تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات