پاکستان ہمارا پہلا اور آخری پڑاؤ ہے ،ڈاکٹرسعید اعوان

جمعہ 24 دسمبر 2021 23:51

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2021ء) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم پیدائش کے موقع پر تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا پہلا اور آخری پڑاو ہے،اس کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ قائد اعظم نے تصور پاکستان کے زریعے مسلم دنیا میں آزادی کا ایسا جنون اور ولولہ ہیدا کیا کہ ایک دن پاکستان کا پرچم دنیا میں لہرا دیا گیا۔

ان کے اس اقدام نے مسلمانوں کو ظالموں سے لڑنے اور ان سے اپنے حقوق لینے کا جذبہ پیدا کیا۔مسلمانوں پر حکومت کرنے والے انگریز اور ھندو ہمارے قائد کے سپاہیوں کے بلند حوصلے کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے الگ وطن حاصل کرلیا-بانی پاکستان کی عظمت کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج دنیا کی ہر قوم ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

قائد اعظم نے دنیا بھر کے انسانوں اور خصوصا مسلمانوں کو یہ پیغام دیا کہ مسلسل جہد اور پختہ عزم سے منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔خلوص نیت اور مضبوط ارادوں کی بدولت دنیا کو فتح کیا جاسکتا ہے۔ آج قائد اعظم کے بہادر نڈر اور بے باک سپاہی شاہین کی طرح اپنے ملک کی حفاظت میں محو پرواز ہیں۔ اور اس کی خاطر دنیا کی ہر قوت سے جان لڑانے کو تیار ہیں۔

ان کی قابل ستائش محنت کا ثمر ہے کہ ہم اس پیارے وطن کی صورت میں دیکھ رہے ہیں۔ ان گنت اور بے شمار ازمائشوں اور مصیبتوں سے گزرنے کے باوجود قائد اعظم کا پاکستان پوری شاں وشوکت سے قائم ہے۔ اور انشائ اللہ قیامت تک قائم دائم رہے گا۔آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستانی پرچم کے سائے تلے متحد ہو وطن عزیزکے مفادات کے لئے کام کریں۔ہم ہر لحاظ سے متحد اور قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی خدمت کے لئے تیار رہیں۔