پاکستان چائنا جوائنٹ ریسرچ سینٹر کا قیام اہم قدم ہے،پروفیسر عطاء الرحمن

جامعہ کراچی میں پاکستان چائنا جوائنٹ ریسرچ سینٹر فار نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کے قیام سے تحقیق کو فروغ ملے گا تعلیم کے میدان میں خاموش انقلاب آرہا ہے ، پروفیسر اقبال چوہدری کا جامعہ کراچی میں تقریب سے خطاب

جمعرات 30 دسمبر 2021 19:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2021ء) وزیر اعظم کی نیشنل ٹاسک فورس برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے سربراہ اور بین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میںپاکستان چائنا جوائنٹ ریسرچ سینٹر فار نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کا قیام انتہائی اہم قدم ہے ، پاکستان میں تعلیم کے میدان میں خاموش انقلاب آرہا ہے۔

یہ بات انہوں نے حال ہی میں پاکستان چائنا جوائنٹ ریسرچ سینٹر فار نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کی تختی کی ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میںمنعقدہ آن لائن افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور پروفیسر عطا الرحمن نے ملکرادارے کی تختی کو بے نقاب کرکے اس کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس آن لائن افتتاحی تقریب کا یکساں طور پر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائینس اینڈٹیکنالوجی، چائینزاکیڈمی آف ایگریکلچر سائینسز، چین ، میں بھی ہوا۔ ا س موقع پر دیگر پاکستانی اور چینی ماہرین بھی موجود تھے۔ پروفیسر عطا الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے علمی معیشت کے تحت جاری متعدد پروجیکٹس سے ملک میں اعلیٰ تعلیم، سائینس اور ٹیکنالوجی میں نمایاں مثبت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، انہوں نے کہا گزشتہ تین سال میں وزارتِ سائینس اور ٹیکنالوجی کے بجٹ میں6 سو گناہ اضافہ ہوا ہے جبکہ 100ارب روپے کی مالیت کے پروجیکٹس یا منظور ہوچکے ہیں یا منظوری کے آخری مرحلے میں ہیں۔

پروفیسر اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے دو طرفہ مستحکم تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا دہائیوں پر مشتمل یہ دوستی اب ادارہ جاتی تعاون کی صورت اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے روائتی اور یونانی ادویات میں استعمال ہونے والے پودوں کی ایک آفیشل دستاویز کی تیاری کی تجویز بھی پیش کی جبکہ اس دوقومی تحقیقی ادارے کی تیاری میں صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر عزرا فضل پیچوکی مدد و معاونت کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق و تعلیم کے فروغ میں بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی نے قابلِ ذکر کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے۔