نکاح رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

اب کاغذی نکاح نامہ کی جگہ "ٹیب" استعمال ہو گا، نکاح کے وقت بائیومیٹرک تصدیق بھی ہو گی، دولہا کسی جرم میں ملوث ہوا تو وہیں گرفتار کر لیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 6 جنوری 2022 20:44

نکاح رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2022ء) نکاح رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ، اب کاغذی نکاح نامہ کی جگہ "ٹیب" استعمال ہو گا، نکاح کے وقت بائیومیٹرک تصدیق بھی ہو گی، دولہا کسی جرم میں ملوث ہوا تو وہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جہاں دیگر کئی معاملات میں ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر فراڈ اور جرائم کی راہ روکی جا رہی ہے، وہیں اب حکومت نے شادیوں کی رجسٹریشن اور انجام دہی کیلئے بھی ٹیکنالوجی کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اخبار روزنامہ دنیا کی رپورٹ میں نکاح رجسٹریشن کا پرانا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب نکاح رجسٹر ختم کر دیئے جائیں گے جبکہ نکاح رجسٹر کی جگہ ایک "ٹیب" متعارف کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے نکاح پڑھانے والے امام کو مقامی انتظامیہ کی مدد سے تربیت دی جائے گی۔ نکاح خواں کو ایک ماہ کا خصوصی کورس کروایا جائے گا، فراہم کردہ ٹیب پر نکاح پڑھانے اور جسٹر کرنے کیلئے نکاح خواں کا اکاونٹ بنایا جائے گا۔

یہ ٹیب انٹرنیٹ سے منسلک ہو گا۔ ٹیب میں سب سے پہلے نکاح خواں نکاح کی فیس کی تفصیلات جمع کروائے گا، پھر گواہان کے شناختی کارڈ سکین ہوں گے اور بائیو میٹرک کی تصدیق بھی کی جائے گی۔ اگر کسی گواہ کا شناختی کارڈ یا انگوٹھے کے نشان میچ نہ ہوئے تو اس شخص کی گواہی قبول نہیں کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ٹیب کی مدد سے دلہا کی تصویر بھی نکاح خواہ خود بنائے گا جس کے بعد نادرا سے منسلک ٹیب کا سافٹ ویئر دلہا کی تمام تفصیلات چیک کرے گا۔

اگر دلہا ٹیکس چور یا کسی بھی جرم میں ملوث نکلا تو اسے فوری وہیں پر گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جس شخص کے نام پر نکاح ہو رہا ہے، اگر اس نے ایک نکاح کی فیس جمع نہ کروائی تو دوسرا نکاح درج نہیں ہو گا۔ جبکہ نکاح خواں کی سم کے ذریعے نکاح کی فیس لوکل گورنمنٹ کے اکاونٹ میں منتقل کی جائے گی۔