Live Updates

معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کو کامیاب بنائیں ‘ احسن اقبال

ہمارے ترقی کے خواب بڑے ہیں لیکن ہماری ٹیکسوں کی ادائیگی کم ترین ہے،اس تضاد کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشیو کو ساڑھے دس فیصد سے 16 یا 18 فیصد تک لے کر جانا ہے‘ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی

اتوار 25 مئی 2025 20:35

معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کو کامیاب بنائیں ‘ احسن اقبال
نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ ہر شہری اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرے اور ٹیکس چوری کے خلاف چوکیدار کا کردار ادا کرے ، ہمیں آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم معاشی میدان کے اندر آپریشن بنیان مرصوص کو کامیاب بنائیں۔

نارووال میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی میدان میں کامیاب کرنے کے لیے امن، سیاسی استحکام،پالیسیوں کے تسلسل اوراصلاحات کاعمل ضروری ہے، ہمارا شمار دنیا کے کم ترین ٹیکس ادا کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے،ہمارے ترقی کے خواب بڑے ہیں لیکن ہماری ٹیکسوں کی ادائیگی کم ترین ہے،اس تضاد کے ساتھ ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ہمیں اپنے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشیو کو ساڑھے دس فیصد سے 16 یا 18 فیصد تک لے کر جانا ہے، پاکستان کا ہر شہری اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرے، جو لوگ ٹیکس ادا کر رہے ہیں وہ ٹیکس چوری کے خلاف چوکیدار کا کردار ادا کریں، اگر ہم نے مستقل پائیدار ترقی کرنی ہے تو اس کا راستہ برآمدات کے فروغ میں ہے، 1990 میں پاکستان کی برآمدات تقریباً نو ارب ڈالر کے قریب تھیںجبکہ ویتنام کی برآمدات 6سے 7ارب ڈالر تھیں،بنگلہ دیش کی اس وقت 2 ارب ڈالر تھیں،آج ویتنام کی برآمدات 300 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہیں اسی طرح بنگلہ دیش کی برآمدات بھی 50 ارب ڈالر سے اوپر جا چکی ہیں ،اگر ہم نے مستقل پائیدار ترقی کرنی ہے تو اس کا راستہ برآمدات کا فروغ ہے ،یہ فروغ ایک دو ارب ڈالر کا سالانہ بنیادوں پر نہیں بلکہ ہمیں پانچ 10 ارب ڈالر کی چھلانگیں چاہئیں، ضروری ہے کہ پاکستان کا ہر کاروباری شخص دنیا کی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو لے جا کر زیادہ سے زیادہ آرڈر لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہم ایک جدید ٹیکنالوجی کی بیس بنانے کے لیے بھی اگلے بجٹ کے اندر اقدامات تجویز کر رہے ہیں، چونکہ اب ایک ڈیجیٹل انقلاب آیا ہے ،آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی دوڑ لگی ہوئی ہے، دنیا میں اور پاکستان نے بھی اس ٹیکنالوجی کی دوڑ کو کامیابی سے اس میں کارکردگی دکھا کر جیتنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے مئی کا مہینہ بہت یادگار ہے، ہمارے سائنس دانوں نے ہمارے انجینئرز نے دفاع کے شعبے میں دو سنگ میل عبور کیے، 28مئی کو ایٹمی دھماکوں سے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا، 10 مئی کو ہماری مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر بھارت کا غرور کو خاک میں ملا دیا، اب ضرورت ہے کہ ہم اپنی معیشت کے اندر بھی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے ملک کی معیشت کو جدید بنیادیں فراہم کریں، برآمدات میںاضافہ کریں اور آئی ٹی کے شعبے میں دنیا کے سامنے ایک بڑا پلیئر بن کراپنے مقاصد کو حاصل کریں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات