Live Updates

فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے،شہباز شریف کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ

تمام ریکارڈ، بینک اکائونٹس اور فان فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں ،یہ حقائق عوام کی امانت ہیں، الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دبائو، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے، اپوزیشن لیڈر

منگل 11 جنوری 2022 12:44

فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے،شہباز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے،تمام ریکارڈ، بینک اکائونٹس اور فان فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں ،یہ حقائق عوام کی امانت ہیں، الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دبائو، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے۔

منگل کوفارن فنڈنگ کیس پر اپنے بیان میں انہوںالیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاکہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ ان 8 والیمز میں پی ٹی آئی کے تمام خفیہ بینک اکائونٹس اور غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 8 والیمز خفیہ رکھنا قانوناًجرم ہے ، تمام ریکارڈ، بینک اکائونٹس اور فان فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا مطلب ریکارڈ سامنے لانا تھا، اسے چھپانا نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دبائو، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے، یہ حقائق عوام کی امانت ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس کا چھپانا عمران خان کے جرم کا منہ بولتا اور واضح ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے اکائونٹس اور کھاتوں کا جو ریکارڈ ڈھونڈا ہے، وہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ، ناروے سمیت 6 غیرملکی تسلیم شدہ بینک اکائونٹس اور دیگر چھپائی گئی تفصیلات پبلک کی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ 8 والیمز، 28 بینک اکائونٹس او رمتعلقہ دستاویزات کو چھپایا نہیں جاسکتا ،چھپانے والا قانون کی نظر میں مجرم ہے ،سات سال سے یہ ریکارڈ چھپانے کی کوشش جاری ہے لیکن اب مزیدیہ سچائی چھپ نہیں سکتی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے سات سال تک الیکشن کمشن اور قوم سے حقائق چھپائے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس کی تمام تفصیلات عوام کو بتانا الیکشن کمشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے ،دوسروں کی تین نسلوں کا حساب کا مطالبہ کرنے والا اپنے ڈاکے کے آٹھ والیمز کی تفصیلات چھپانا چاہتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات