Live Updates

الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کے 8 والیمزسامنے لائے

ان والیمز میں پی ٹی آئی کے خفیہ بینک اکاؤنٹس، فارن فنڈنگ کی تفصیلات ہیں، 8 والیمز کو خفیہ رکھنا قانونی طور پر جرم ہے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کا مطالبہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 جنوری 2022 13:08

الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کے 8 والیمزسامنے لائے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جنوری 2022ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لایا جائے، 8 والیمز میں پی ٹی آئی کے خفیہ بینک اکاؤنٹس، فارن فنڈنگ کی تفصیلات ہیں، 8 والیمز کو خفیہ رکھنا قانونی طور پر جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کی 3 نسلوں کے حساب کا مطالبہ کرنے والا اپنے ڈاکے کی تفصیل چھپانا چاہتا ہے۔ عمران خان نے 7 سال تک قوم اورالیکشن کمیشن سے حقائق چھپائے لیکن اب سچائی چھپ نہیں سکتی۔ فارن فنڈنگ کیس کی تمام تفصیلات عوام کو بتانا الیکشن کمشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دباﺅ، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے، یہ حقائق عوام کی امانت ہیں، فارن فنڈنگ کیس کو چھپانا عمران خان کے جرم کا منہ بولتا ثبوت ہے، سٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے اکاﺅنٹس اور کھاتوں کا جو ریکارڈ ڈھونڈا، وہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ، ناروے سمیت 6 غیرملکی تسلیم شدہ بینک اکاؤنٹس اور دیگر چھپائی گئی تفصیلات پبلک کی جائیں، 8 والیمز، 28 بینک اکاﺅنٹس اور متعلقہ دستاویزات کو چھپایا نہیں جاسکتا، چھپانے والا قانون کی نظر میں مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 7 سالوں سے یہ ریکارڈ چھپانے کی کوشش جاری ہے لیکن اب مزید یہ سچائی چھپ نہیں سکتی۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی تیار کردہ تہلکہ خیز رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات