Live Updates

رواں ماہ مزید بارشوں اور برفباری کیلئے تیار ہو جائیں

بارشیں برسانے والے ایک نہیں بلکہ 2 سسٹم پاکستان میں داخل ہوں گے

muhammad ali محمد علی منگل 11 جنوری 2022 20:55

رواں ماہ مزید بارشوں اور برفباری کیلئے تیار ہو جائیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2022ء) رواں ماہ مزید بارشوں اور برفباری کیلئے تیار ہو جائیں ، بارشیں برسانے والے ایک نہیں بلکہ 2 سسٹم پاکستان میں داخل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے اختتام کے بعد 2 ماہ سے زائد وقت تک خشک موسم کا سامنا کرنے والے لاہور کیلئے جنوری کا مہینہ بارشوں کے حوالے سے قدرے بہتر ثابت ہو رہا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں اب تک کئی مرتبہ بادل شہر میں جم کر برس چکے، جس سے شہر میں سردی کی شدت میں تو اضافہ ہوا، لیکن ساتھ ساتھ خشکی سردی اور فضائی آلودگی کا بھی خاتمہ ہوا۔

اب ماہرین موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کی پیشن گوئی کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے بقیہ ایام میں کم از کم بارشوں کے 2 سلسلے لاہور اور دیگر شہروں کو متاثر کریں گے۔

(جاری ہے)

آئندہ چند روز تک بارشوں اور برفباری والا طاقتور مغربی سسٹ، ایران سے بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہو گا، جس کے بعد لاہور میں بھی بارشوں کا ایک سلسلہ آئندہ چند روز تک شروع ہو گا۔

اس کے بعد رواں ماہ کے آخر میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشیں برسانے والا شمال مغربی ہوائوں کا ایک سسٹم جنوری کے آخری ہفتہ میں پنجاب میں داخل ہو گا، جو لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کا باعث بنے گا، جس سے دھند میں اضافے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی اور سردی میں اضافہ ہو گا۔ جبکہ لاہور شہر ان دنوں بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات