Live Updates

آئی ایم ایف نے گردشی قرضہ ختم کرنے کے لئے 2031 کی ڈیڈ لائن دیدی

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:36

آئی ایم ایف نے گردشی قرضہ ختم کرنے کے لئے 2031 کی ڈیڈ لائن دیدی
ًاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے سخت شرائط عائد کر دی ہیں اور 2031 تک گردشی قرضے کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ ہر سال پاور سیکٹر میں گردشی قرضے کا بہاؤ (فلو) صفر پر برقرار رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے حکومت سے گردشی قرضے کے ذخیرے (اسٹاک) کے خاتمے کے لیے نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان طلب کر لیا ہے، جس پر عمل درآمد ضروری قرار دیا گیا ہے۔ادھر آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس پر گرڈ ٹرانزیشن لیوی نافذ کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یکم جنوری 2026 سے یہ لیوی 15 فیصد کر دی جائے گی، جبکہ اگست 2026 سے اسے مزید بڑھا کر 20 فیصد کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال میں کیپٹو پاور پلانٹس سے 105 ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف رکھا گیا ہے۔دوسری جانب، حالیہ سیلاب کے باعث ملک کو تقریباً 370 ارب روپے کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق انفراسٹرکچر اور زرعی شعبہ شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے لیے شرحِ نمو (جی ڈی پی گروتھ ریٹ) کا ہدف کم کر کے 4.2 فیصد سے 3.9 فیصد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران 26 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت درکار ہوگی، جس میں سے 12 ارب ڈالر کی رقم رول اوور کی جائے گی۔ماہرین کے مطابق، آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے حکومت کو سخت مالی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات پر تیزی سے پیش رفت کرنا ہوگی تاکہ توانائی شعبے کی پائیداری اور مجموعی معاشی بہتری ممکن بنائی جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات