پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈز کے 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کر دی

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:23

پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈز کے 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)پاکستان نے شیڈول کے مطابق گزشتہ روز یورو بانڈز کے 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کر دی، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق پاکستان نے 30 ستمبر کو رقم ادا کی، پاکستان نے 2015 میں یورو بانڈز جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بر وقت قرضوں کی ادائیگی مالیاتی نظم وضبط کی عکاسی کرتی ہے، یہ ادائیگی ایسے وقت پر کی گئی ہے، جب زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں.پاکستان کی ساورن ریٹنگ کواپ گریڈ کیا گیا ہے، پاکستان کے بانڈز پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہی-وزارت خزانہ کے مطابق جی ڈی پی کے لحاظ سے قرضے مالی سال 20-2019 میں 77 فیصد تھے، جو مالی سال 25-2024 میں کم ہوکر 70 فیصد پر آگئے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال مجموعی قرضوں میں بیرونی قرض کا حصہ 38 فیصد سے کم ہوکر 30 فیصد پر آگیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران یورو بانڈز کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے۔