Live Updates

عمران خان کی رہائی ہونی ہے لیکن کب ہوگی؟ یہ اللہ کو پتا ہے، مونس الٰہی

جھوٹی خبروں سے غلط امید نہ دلائیں، اس سے کارکن بد دل ہوتے ہیں، بس اللہ سے دعا کریں جلد رہائی ہوجائے؛ پی ٹی ائی رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 16:20

عمران خان کی رہائی ہونی ہے لیکن کب ہوگی؟ یہ اللہ کو پتا ہے، مونس الٰہی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی ہونی ہے لیکن کب ہوگی؟ یہ اللہ کو پتا ہے، کارکنوں کو جھوٹی خبروں سے غلط امید نہ دلائیں کیوں کہ اس سے کارکن بد دل ہوتے ہیں اور پارٹی لیڈرز بھی خراب ہوتے ہیں، عمران خان کی رہائی تو ہونی ہے بس اللہ سے دعا کریں کہ جلد ان کی رہائی ہوجائے۔

سابق وفاقی وزیر نے موجودہ عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی گواہ گم، کبھی جج غائب، کبھی وکیل گم، کبھی فائل غائب، ویڈیو لنک ٹرائل کے خلاف عمران خان کی فائل لاہور ہائی کورٹ پنڈی رجسٹری سے غائب ہوگئی، عدالتی نظام نہ ہوا، کسی مداری کا تماشا ہوگیا، ملک کے منتخب وزیراعظم، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ، ملک کے سب سے بڑے سماجی کارکن، ملک کے کامیاب ترین سپورٹس مین، دنیا میں مقبول ترین پاکستانی کو آج ناحق قید میں عام قیدیوں کی سہولیات سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے مگر بالآخر ظالم ناکام اور عمران خان ہی کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ 2019ء میں اس وقت وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی تقریر کا بڑا حصہ کشمیر پر تھا جب کہ 2025ء میں شہبازشریف کی یو این تقریر میں کشمیر پر صرف دو رسمی جملے تھے، عمران خان نے قوم کی ترجمانی کی جب کہ شہبازشریف نے ایک اسرائیل نواز خاتون سے لکھوائی تقریر پڑھی جس سے فرق صاف ظاہر ہے، اسی طرح ورلڈ بینک کی تازہ رپورٹ میں بھی فارم 47 والے ٹولے کی قوم سے معاشی غلط بیانیاں بے نقاب ہوئی ہیں، مہنگائی اور غربت میں کئی گنا اضافہ، نوجوانوں میں شدید بیروزگاری، دیہات میں شرح غربت دوگنی، عوام کا معیار زندگی بد سے بدتر ہوچکا اور یہ ٹولا اب سیلاب کا بہانہ بنا کر اپنی بدترین کارکردگی پر پردہ ڈالے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات