کراچی میں ندی سے 2 باریش نوجوانوں کی لاشیں برآمد،لاشیں تقریبا ایک ماہ پرانی معلوم ہوتی ہیں،پولیس

دونوں افراد باریش ہیں، ایک نے سفید اور ایک نے کالے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ لاشیں گھل گئیں ہیں،پولیس حکام

بدھ 12 جنوری 2022 12:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) کراچی: گڈاپ کے علاقے میں ندی سے دو باریش افراد کی لاشیں ملی ہیں، جو تقریبا ایک ماہ پرانی معلوم ہوتی ہیں، فوری طور پر دونوں کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ وجہ موت کا بھی علم نہیں ہوسکا۔دونوں ایک ہی سفید رنگ کے کپڑے میں لپٹی ہوئی تھیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب نیک محمد بروہی گوٹھ میں ندی سے دو افراد کی لاشیں ملیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔لاشوں کی تلاشی کے دوران کپڑوں سے کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی۔پولیس حکام کے مطابق دونوں کی عمریں تیس سے پینتیس برس کے درمیان معلوم ہوتی ہیں ، دونوں لاشیں تقریبا ایک ماہ پرانی ہیں جبکہ دونوں باریش ہیں ، فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت کی کوشش کی گئی لیکن لاشیں پرانی ہونے کے باعث فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

دونوں لاشوں کو ایک ہی کپڑے میں لپیٹ کر پھینکا گیا ہے۔ ، پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر وجہ موت کا بھی علم نہیں ہوسکا ہے ، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیاہے۔پولیس کے مطابق دونوں افراد باریش ہیں، ایک نے سفید اور ایک نے کالے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ لاشیں گھل گئیں ہیں، فنگر آئی ڈی نہیں ہوسکتی۔ ڈی این اے کے لیے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے جس کے بعد ہی شناخت کا عمل ممکن ہوسکے گا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگا کہ موت کس طرح ہوئی ہے۔ لاشیں کپڑے میں لپیٹنے کے بعد ندی میں پھینک دی گئیں تھیں۔