محکمہ کی نرسریزکی توسیع ،اعلیٰ معیار کے پھلدار پودوں کی فراہمی کا منصوبہ ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے، سیکرٹری زراعت آزاد کشمیر

بدھ 12 جنوری 2022 19:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء)آزادکشمیر کے سیکرٹری زراعت ولائیو سٹاک عطا اللہ عطا نے کہا ہے کہ محکمہ کی نرسریزکی توسیع اور اعلیٰ معیار کے پھلدار پودوں کی فراہمی کا 38.412ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے منظور ہو چکا ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت محکمہ زراعت آزادکشمیر میں موجود 7نرسریز کو توسیع دیتے ہوئے ان نرسریز کی مزید 100کنال اراضی کو زیر کاشت لائے گا ۔

جہاں مختلف اقسام کے پھلدار پودے پیدا کیے جائیں گے اور زمینداروں کو سستے داموں فروخت کیے جائیں گے ۔ یہ منصوبہ تین سال کے لیے شروع کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں زمینداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفائیڈ پھلدار پودوں کی فراہمی کایہ منصوبہ آزادکشمیر میں پھلدار پودوں کی فراہمی کا ایک بڑا منصوبہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت آزادکشمیر میں قائم 7نرسریز کو توسیع دیتے ہوئے انکی پیداواری استعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان نرسریز سے تیار کیے جانے والے پودے آزادکشمیر بھر میں نمایاں جگہوں پر محکمہ کی تصدیق کے ساتھ مناسب ریٹ پر دستیاب ہونگے ۔ جب کہ منصوبہ کے تحت مختلف جگہوں پر پھلدار پودوں کے باغ بھی لگائے جائیں گے ۔