ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا، ، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد ریکارڈ

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 ہوگئی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 جنوری 2022 10:23

ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا، ، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2022ء) : ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ تین چھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 999 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 15 ہزار 834 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 567 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 50 ہزار 686، سندھ میں 4 لاکھ 94 ہزار 64، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 996، بلوچستان میں 33 ہزار 682، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 437، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 243 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 726 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 32 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 449 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 60 ہزار 407 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 675 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ملک میں اومی کرون کے پھیلاؤ میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز کورونا کے علاج کے لئے چینی دوا کے کامیاب ٹرائیل کی تکمیل کا اعلان پیر کو ہوگا۔

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کے سینٹر فار بائیوایکویلینس اسٹڈیز ‏اینڈ کلینکل ریسرچ کے تحت کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن ’جن ہُوا قنجن ‏گرینولس‘ کا پہلی مرتبہ کامیاب کیلنکل ٹرائیل کا اعلان پیر (17 جنوری) کی صبح بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی ‏و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران کیا جائے گا۔