جامعہ زرعیہ نے رواں سال یونیورسٹی میں 40 ہزارنئے پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا

جمعہ 14 جنوری 2022 21:40

فیصل آباد۔14جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔14 جنوری2022ء) :جامعہ زرعیہ فیصل آبادنے وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت رواں سال یونیورسٹی میں 40 ہزارنئے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاہے جبکہ گزشتہ سال اس ضمن میں زرعی یونیورسٹی میں 35ہزار سے زائد پودے لگائے گئے تھے جن سے سرسبز ماحول کے ساتھ ساتھ آلودگی جیسے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے جمعہ کو شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ کے تحت گارڈننگ ونگ کے ملازمین کی استعداد کار میں اضافے کیلئے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔اس موقع پر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر قمر بلال اور ڈاکٹر عدنان یونس نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عالمی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے اسٹیٹ مینجمنٹ کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز انتھک محنت کی وجہ سے زرعی یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین گرین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ جوافراد رزق حلال کی تلاش میں محنت کو اپنا شعار بناتے ہیں انہیں قدرت کامیابیوں و کامرانیوں سے ہمکنار کرتے ہوئے بے شمار نعمتوں سے نوازتی ہے۔انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ گارڈننگ ونگ میں تعینات عملے کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جائیں گے۔ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ ڈاکٹر اقرار احمد کی قیادت میں بر صغیر کی اس پہلی عظیم زرعی دانش گاہ کے جمالیاتی حسن کو مزید نکھارنے کیلئے سنجیدہ اصلاحات عمل میں لائی گئی ہیں اسی وجہ سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا شمار ملکی سطح پر صف اول کے خوبصورت اداروں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے شرکا کو آگاہ کیا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر سکیورٹی ونگ کے عملے کی کارکردگی میں بہتری لانے اور دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تربیتی وکشاپ کا انعقاد جلد ہی کیا جائے گا۔ڈاکٹر عدنان یونس نے کہاکہ جامعہ کی سر سبزشادابی میں مزید بہتری لانے کیلئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔
>