Live Updates

عمران خان کے سرپر جس کا بھی ہاتھ ہے عوام ان سے انتقام لیں گے،احسن اقبال

مسلم لیگ ن کا مقدمہ یہی ہے کہ ہاتھوں والی سیاست ختم ہونی چاہیے،کبھی صدارتی،کبھی پارلیمانی یا ہائبرڈ نظام جیسے تجربات کیلئے زیادہ مہلت نہیں ہے، بہتر مستقبل کیلئے متفقہ آئین کو لاگو کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 جنوری 2022 22:37

عمران خان کے سرپر جس کا بھی ہاتھ ہے عوام ان سے انتقام لیں گے،احسن اقبال
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے سرپر جس کا بھی ہاتھ ہے عوام ان سے انتقام لیں گے،مسلم لیگ ن کا مقدمہ یہی ہے کہ ہاتھوں والی سیاست ختم ہونی چاہیے،کبھی صدارتی،کبھی پارلیمانی یا ہائبرڈ نظام جیسے تجربات کیلئے زیادہ مہلت نہیں ہے، بہتر مستقبل کیلئے متفقہ آئین کو لاگو کرنا ہوگا۔

انہوں نے نجی ٹی وی آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی، نااہلیوں کے ساتھ عمران خان کے سرپر جس کا بھی ہاتھ ہے عوام ان سے انتقام لیں گے،اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ ن کا مقدمہ یہی ہے کہ ہاتھوں والی سیاست ختم ہونی چاہیے، حکمرانی اس کو کرنی چاہیے جس کے سرپراللہ کے بعد عوام کا ہاتھ ہو،جس کے سر سے عوام کا ہاتھ اٹھ جائے اس کو رخصت ہوجانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان میں ڈیل، چور دروازوں کی سیاست کو جاری رکھیں گے تو ہمارا مستقبل بھی ماضی جیسا ہوگا، اگر ہم پاکستان کے مستقبل کو بدلنا ہے تو آئین کی حکمرانی کے راستے پر کھڑا کرنا پڑے گا، اب ہمارے پاس نئے نئے تجربات کرنے کیلئے زیادہ مہلت نہیں ہے کہ کبھی پارلیمانی نظام ، کبھی صدارتی اور کبھی ہائبرڈ نظام ، اب ہمیں پاکستان کے مستقبل کو بدلنے کیلئے متفقہ آئین کو لاگو کرنا چاہیے۔

مزید برآں  پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے احسن اقبال اور ایاز صادق آج یہاں پریس کانفرنس کررہے تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت کیوں گورنر سٹیٹ بینک کے آگے فلیٹ ہوگئی ہے اس لیے کہ فارن فنڈنگ کی جتنی ٹرانزکشنز ہیں وہ سٹیٹ بینک کے ذریعے پاکستان میں آئی ہوئی ہیں اور فارن فنڈنگ میں جتنی تحقیقات ہونی ہیں اس میں منی ٹریل لینے کیلئے سٹیٹ بینک کا بڑا کلیدی کردار ہے۔

ہم نے یہ تجویز دی تھی کہ یہ بات لکھی جائے کہ گورنر اور ڈپٹی گورنر جو مذاکرات بھی کرتے ہیں آئی ایم ایف کیساتھ وہ اپنی ملازمت کے بعد 2 سال تک کسی ایسے ادارے میں ملازمت نہیں کرسکیں گے جس کے ساتھ وہ ملک کیلیے مذاکرات کرتے رہے ہیں۔ پاکستان کی مالیاتی خود مختاری کا جو سودا ہونے جارہا ہے میں تمام سینیٹر حضرات سے اپیل کروں گا کہ وہ اپنے قومی فرض کی روشنی میں اسکا جائزہ لیں کیونکہ حکومت نے قومی اسمبلی سے اسے بلڈوز کیا ہے۔

امید کرتا ہوں سینیٹ اس قانون کے اوپر بریک لگائے گی۔ اپوزیشن اپنا کردار ادا کررہی ہے اپوزیشن کے پاس نمبر نہیں ہوتے جس سے اس نے کسی بل کو شکست دینی ہے کیونکہ اگر اسکے پاس نمبر ہوں تو وہ حکومت میں ہوگی۔ اپوزیشن کا یہ فرض ہے کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا، حکومتی سرپرستی میں کھاد سمگل اور بلیک میں فروخت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بولے کہ کھاد، ادویات اور ہر شعبہ میں مافیا پیدا ہوگیا، یہ کہہ رہے ہیں کسان کے زیادہ کھاد استعمال کرنے سے بحران پیدا ہوا۔ ساری کھاد سمگل ہوکر دوسرے ممالک جاچکی۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات