حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرضہ کے اضافے کی رفتار میں کمی آئی ہے،وزارت توانائی

پیر 17 جنوری 2022 20:40

حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے ..
اسلام آباد۔17جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔17 جنوری2022ء) :قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرضہ کے اضافے کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل کے سوال کے جواب میں وزارت توانائی کی جانب سے ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت گردشی قرضے کے بہائو اور سٹاک میں کمی کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے۔

خودمختار پاور پلانٹس کی ایکویٹی پر واپسی اور حکومت ملکیتی پاور پلانٹس کو کم کردیا گیا ہے۔ اس سے کیپیسٹی ادائیگیوں میں کمی آئے گی۔ ڈسکوز کے تقسیمی نقصانات اور ٹرانسمیشن کی کمی اور وصولیوں میں بہتری لانے کے لئے اقدامات ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک بقایا جات، سبسڈی کے تصفیہ جات اور مفاہمت کے ذریعے کے الیکٹرک کو درپیش ادائیگی کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔

ایوان کو بتایا گیا کہ مالی سال 2017-18ء کے دوران گردشی قرضہ کے حجم میں اوسطاً 37.5 روپے ماہانہ کا اضافہ ہو رہا تھا تاہم اس سال کے لئے گردشی قرضے میں 390 ارب روپے کی کمی متوقع ہے جس کی ماہانہ اوسط 32.5 روپے بنتی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ماضی کی حکومتوں کے برعکس موجودہ حکومت کے دوران گردشی قرضہ کے ماہانہ حجم میں کمی آرہی ہے۔