پاکستان ریلوے میں 17گریڈ کی افسر کے گھر چھ ملازمین تھے ، اعظم سواتی کا سینٹ میں جواب

منگل 18 جنوری 2022 14:58

پاکستان ریلوے میں 17گریڈ کی افسر کے گھر چھ ملازمین تھے ، اعظم سواتی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) سینٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان ریلوے میں 17گریڈ کی افسر کے گھر چھ ملازمین تھے ۔سینٹ میں وقفہ سوالات کے دور ان اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ریلوے پیٹرولرز دس سال سے کام کر رہے تھے،ان غریب لوگوں کیلئے ایک سوال ہے کہ کیا وہ بحال ہوسکتے ہیں کہ نہیں ۔وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ ہمارے پاس ملازمین کی تعداد پہلے بہت زیادہ ہے،اگر کسی کی حق تلفی ہوئی ہے میرے دروازے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے بدبخت ادارہ ہے یہ منافع بخش ادارہ تھا،جتنے نقصانات ہوئے اس میں بڑا نقصان ہیومن ریسورس اوور لوڈ کرنا ہے،کیا یہ ظلم نہیں کہ پاکستان ریلوے میں 17 گریڈ کی افسر کے گھر 6 ملازمین تھے،یہ سیاسی بھرتیاں ہیں۔سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہاکہ آپ لوگوں کو بھرتی کرنے آئے تھے آپ نے نکالنا شروع کر دیا۔وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ بلوچستان حکومت کو ایک بڑا فنڈ مل رہا ہے ،ریلوے ٹریک کو ٹھیک کیا جائے ،کنٹریکٹ ملازمین کو ہم مستقل نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی حکومت کا اولین کام روزگار پیدا کرنا نہیں مواقع پیدا کرنا ہے ،دنیا کنٹریکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر جا رہی ہے۔