حوثی باغیوں کا حملہ‘ یو اے ای کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

سلامتی کونسل ہم آواز ہوکر ان دہشت گردانہ حملوں کی سختی اور واضح طور پر مذمت میں شامل ہو ‘ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے۔ امارات نے سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جنوری 2022 13:35

حوثی باغیوں کا حملہ‘ یو اے ای کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ..
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی پر حوثی باغیوں کے حملے پر یو اے ای نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے اطلاع دی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں حوثی دہشت گردانہ حملوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کے لیے خط ناروے کو بھیجا ہے کیوں کہ یورپی ملک کے پاس جنوری کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت ہے ، خط میں 17 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں ہونے والے حملوں کے حوالے سے میٹنگ کی درخواست کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خط میں بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور شہری مراکز کو نشانہ بنانے کی مذمت کی گئی ہے ، اس میں کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یک آواز ہو کر حوثیوں کے حملوں کی واضح طور پر مذمت کرے ، اس ضمن مین اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ لانا نسیبہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور شہری اشیاء کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہے ، یہ غیر قانونی اور تشویشناک اضافہ حوثیوں کی جانب سے ہمارے خطے میں دہشت گردی اور افراتفری پھیلانے کی کوششوں کا ایک اور قدم ہے ، یہ حوثیوں کی ایک اور کوشش ہے جو انہوں نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر حاصل کی ہوئی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈالا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایک آواز سے بات کرے اور ان دہشت گردانہ حملوں کی سختی اور واضح طور پر مذمت میں شامل ہو جو بین الاقوامی قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے ۔ یاد رہے کہ حوثی ملیشیا نے مصفح آئی سی اے ڈی کے علاقے اور ابوظہبی ایئرپورٹ کے ایک تعمیراتی علاقے پر حملہ کیا، یہ دونوں شہری انفراسٹرکچر ہیں ، ان حملوں کے نتیجے میں تین پٹرولیم ٹینکرز پھٹ گئے ، جس کی وجہ سے دو ہندوستانی شہری اور ایک پاکستانی شہری مارا گیا اور چھ دیگر شہری زخمی ہوئے جب کہ حوثیوں نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔