سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کا اجلاس

قوانین میں بہتری لارہے ہیں تاکہ جمع شدہ پونجی گھر کی خریداری پر لگانے والے شہریوں کے حق کا تحفظ کیا جاسکے،وزیر بلدیات سندھ

بدھ 19 جنوری 2022 18:32

سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس آج ایس بی سی اے کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سلیم رضا کھوڑو اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کی گئی انہدامی کارروائی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے منہدم کی گئی عمارتوں کا ڈیٹا پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں تیزی لانے اور افرادی قوت اور مشینری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیمالیشن اسکواڈ آٹ سورس سے حاصل کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں مختلف زونز کے لئے اسپیشل ڈیمالیشن اسکواڈ اور مشینری ہائر کی گئی ہے تاکہ انہدامی عمل کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر شاہ نے ہدایات دیں کہ قانونی کاروائیوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔سید ناصر حسین شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ جمع شدہ پونجی کو اپنے گھر خریدنے کے لئے خرچ کرنے والے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی عمارت کے خلافِ قانون ثابت ہونے پر ایسے شہریوں کی رقم کا تحفظ ہوسکے ۔انہوں نے اس ضمن میں مناسب قانون سازی کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہمدردیاں اپنے شہریوں کے ساتھ ہیں جو اپنی زندگی بھر کی کمائی سے اپنا گھر بناتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ کسی کو معصوم شہریوں کی زندگی بھر کی کمائی حاصل کرنے کی جرات نہ ہو۔وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ کابینہ صوبے کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے اور ہم عوام کے تعاون سے اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تمام تر مساعی بروئے کار لائیں گے۔