سینیٹر فلک ناز کی قیادت میں وفد کی وفاقی وزیر آئی ٹی سے ملاقات ،ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے حوالے سے وزارت آئی ٹی کی کارکردگی پر گفتگو

خیبرپختونخواہ کے 14 اضلاع میں 8 ارب 29 کروڑ روپے سے زائد کے 6 مخلتف براڈ بینڈ منصوبے زیر تکمیل ہیں، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق

جمعہ 21 جنوری 2022 19:11

سینیٹر فلک ناز کی قیادت میں وفد کی وفاقی وزیر آئی ٹی سے ملاقات ،ڈیجیٹل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے تحریک انصاف کی سینیٹرمحترمہ فلک نازکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے حوالے سے وزارت آئی ٹی کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹر فلک ناز نیچترال اور ملحقہ علاقوں میں موبائل نیٹ ورکنگ اور براڈ بینڈ سروسز کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔

سید امین الحق نے کہاکہ ملک بھر کے دور دراز و پسماندہ علاقوں میں تھری و فور جی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خیبرپختونخواہ کے 14 اضلاع میں 8 ارب 29 کروڑ روپے سے زائد کے 6 مختلف براڈ بینڈ منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ سید امین الحق نے کہاکہ چترال اور ملحقہ علاقوں میں موبائل سروسز دستیاب ہیں تاہم ان کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ چترال، اپر و لوئر دیر کے 648 پسماندہ گاؤں کیلئے 1 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا منصوبہ زیر تکمیل ہے۔ انہوںنے کہاکہ منصوبے کی تکمیل جون 2023 تک ہوگی، ساڑھے 7 لاکھ سے زائد آبادی کو سہولیات میسر آئیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سوات، کمراٹ ویلی سمیت اہم سیاحتی مقامات کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر منصوبوں کا آغاز کررہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ہی تمام منصوبوں کی تکمیل ہوسکے۔