فواد چوہدری کی کمال کی ڈھٹائی اور بے شرمی ہے ، کرپشن کا عالمی سرٹیفکیٹ لینے کے باوجود ان کی جھوٹی زبان چلے جا رہی ہے، مریم اورنگزیب

Uعمران کے لگائے جھوٹے الزام تو ثابت نہ ہوئے لیکن خود عالمی سرٹیفائیڈ چور نکلے،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آنے کے بعد عمران کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے، بیان

بدھ 26 جنوری 2022 18:40

فواد چوہدری کی کمال کی ڈھٹائی اور بے شرمی ہے ، کرپشن کا عالمی سرٹیفکیٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوے کہا ہے کہ کمال ڈھٹائی اور بے شرمی ہے کہ کرپشن کا عالمی سرٹیفکیٹ لینے کے باوجود ان کی جھوٹی زبان چلے جا رہی ہے ۔ بدھ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا فواد صاحب ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل عمران صاحب کو چور اِس لئے کہہ رہی ہے کہ ملک میں تاریخی کرپشن اور لوٹ مار جاری ہے،ملک اور عوام ساڑھے تین سال سے منظم عمران مافیا کا سامنا کر رہا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل واضح طور پہ یہ کہہ رہی ہے کہ حکومتی اور سرکاری معاملات میں ہر طرح کی کرپشن میں اضافہ ہوا ہے،فواد چودھری صاحب عمران صاحب سے پوچھ لیں یا اٴْن کے ہی ماضی میں دئیے ہوئے بھاشن غور سے سٴْن لیں کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کون سی کرپشن کی نشاندہی کرتی ہے ، آپ کے آٹا چینی دوائی بجلی گیس ایل این جی ، کووڈ فنڈ میں چوری کے تمام قصے اس رپورٹ میں جوڑے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام جانتی ہے کہ وہ یہ اِس لئے کہہ رہے ہیں کہ عمران صاحب نے عوام کا آٹا چینی بجلی گیس دوائی سب چوری کیا ۔ انہوں نے کہا ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل اِس لئے یہ کہہ رہی ہے کہ ملک میں ساڑھے تین سال سے قانون کی حکمرانی کی عدم موجودگی اور عمران مافیا نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل یہ اِس لئے کہہ رہی ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اداروں اور ریاست کی طاقت کا ناجائز استعمال کر احتساب کے نام پہ ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

انہوں نے کہا اللہ کی شان ہے کہ جو دوسروں پر کرپشن کا الزام لگاتا رہا اس کا اپنا منہ کرپشن کی گندگی سے داغدار ہوگیا ۔عمران صاحب کے لگائے جھوٹے الزام تو ثابت نہ ہوئے لیکن خود عالمی سرٹیفائیڈ چور نکلے۔ فواد صاحب چوری پکڑی گئی ہے ، ٹویٹ، بیانات اور بہانہ بنانے کی بجائے جیل جانے کی تیاری کریں ۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آنے کے بعد عمران صاحب کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے ۔