پی ایس ایل 7 ،رضوان الیون لاہور قلندرز کے ہوم گراونڈ پر ڈھیر، شاہین الیون ملتان سلطانز کو ہرانیوالی پہلی ٹیم بن گئی

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان کی ٹیم 130 رنز بنا کر آل آوٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 فروری 2022 23:24

پی ایس ایل 7 ،رضوان الیون لاہور قلندرز کے ہوم گراونڈ پر ڈھیر، شاہین ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 فروری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7ویں ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 52 رنز سے شکست دیکر مسلسل 6 کامیابیوں کا سلسلہ ختم کردیا ۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ 2022ء کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دی ہے۔ لاہور قلندرز کو اچھا آغاز نہ مل سکا کیونکہ عبداللہ شفیق 5 کے مجموعی سکور پر انور علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹے، بعد ازاں کامران غلام اور فخر زمان نے سلطانز کے بولرز کا پُراعتماد انداز سے سامنا کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب سٹروک کھیلے پھر 91 کے مجموعی سکور کامران غلام 42 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد فخر زمان 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد 60 رنز کی اننگز کھیل کر عمران طاہر کی گیند پر بونڈری مارنے کے چکر میں شاہ نواز دھانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔محمد حفیظ اور فل سالٹ کی جوڑی نے چوتھی وکٹ کے لیے 27 گیندوں پر 60 رنز کی شراکت قائم کی، حفیظ نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 43رنز بنائے۔ قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے، فل سالٹ نے 13 گیندوں پر 26رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دھانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ان فارم شان مسعود صرف 8رنز بنا کر چلتے بنے۔ محمد رضوان 27 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ اگلی ہی گیند پر راشد خان نے رائلی روسو کی اہم وکٹ حاصل کر کے سلطانز کو بڑا نقصان پہنچایا۔ صہیب مقصود اور ٹم ڈیوڈ نے اسکور 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ پاکستانی بلے باز 29رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ٹم ڈیوڈ کی 24 رنز کی اننگز زمان خان کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

خوشدل شاہ نے 22رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 130رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ قلندرز کی جانب سے زمان خان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے اپنے پچھلے میچوں کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ۔ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم اپنے تمام چھ میچز جیت کر سرفہرست ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز نے پانچ میچوں میں سے تین میں فتح حاصل کی ہے جب کہ دو میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی پر مشتمل ہے جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروکس، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف، زمان خان شامل ہیں ۔