Live Updates

عبدالقدوس بزنجو کو ساڑھے 3 ارب کی ڈیل کے بدلے بلوچستان حکومت دی گئی

ڈیل کرانے میں تین سینیٹرز اور ایک سیاسی شخصیت شامل تھی، پہلے بلوچستان کے وسائل اور ساحل بکتے تھے اب بلوچستان حکومت نیلام کی گئی۔ سابق صدر پی ٹی آئی بلوچستان سردار یار محمد رند کا الزام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 3 مارچ 2022 22:25

عبدالقدوس بزنجو کو ساڑھے 3 ارب کی ڈیل کے بدلے بلوچستان حکومت دی گئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ 2022ء) تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صدر سردار یار محمد رند نے الزام عائد کیا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو کو ساڑھے 3 ارب کی ڈیل کے بدلے بلوچستان حکومت دی گئی، ڈیل کرانے میں تین سینیٹرز اور ایک سیاسی شخصیت شامل تھی، پہلے بلوچستان کے وسائل اور ساحل بکتے تھے اب بلوچستان حکومت نیلام کی گئی۔ انہوں نے جیونیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بلوچستان کی حکومت کو نیلام کیا گیا ہے، عبدالقدوس بزنجو کو ساڑھے 3 ارب کی ڈیل کے بدلے بلوچستان حکومت دی گئی، ڈیل کرانے میں اسلام آباد میں بیٹھے تین سینیٹرز اور ایک سیاسی شخصیت ڈیل کرانے میں شامل تھی، میں اس نیلامی کا حصہ نہیں بنا، پہلے بلوچستان کے وسائل اور ساحل بکتے تھے اب بلوچستان حکومت نیلام کی گئی۔

(جاری ہے)

سردار یار محمد رند نے خبردار کیا کہ اگر مجھے اس حوالے سے تنگ کیا گیا تو میں ان سینیٹرز اور سیاسی شخصیت کے نام بھی بتا دوں گا۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پاور و پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف بلوچستان سردار یار محمد رند اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، سردار یار محمد رند نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ بھجوا چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرا فیصلہ حتمی ہے مجھے بلوچستان پر کسی بھی اجلاس میں بلانے کی زحمت نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء نے بلوچستان پر ہونے والے کسی بھی اجلاس کیلئے کبھی بھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے سردار یار محمد رند کو بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر اور وزات آبی وسائل، پاور، اور پیٹرولیم سے متعلق امور کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نامزد کیا تھا تاہم سردار یار محمد رند نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں مجھے کبھی بھی کسی اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات