پنجاب آرٹس کونسل میں سجادہ نشین مخدوم محمد سجاد حسین قریشی کے یوم وفات پر تعزیتی ریفرنس

منگل 26 اپریل 2022 17:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2022ء) پنجاب آرٹس کونسل ادبی تنظیم دائر ہ کے زیر اہتمام تحریک پاکستان کے رہنما ممتاز روحانی پیشواء سابق گورنر پنجاب اور حضرت غوث بہاؤالدین کے سجادہ نشین مخدوم محمد سجاد حسین قریشی کا 25 واں یوم وفات پر تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر غضنفر مہدی تھے۔ڈاکٹر غضنفر مہدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا مخدوم سجاد حسین قریشی ایک درویش منش سیاست دان تھے جن کا احترام تمام سیاسی رہنما سیاسی اور دینی جماعتیں کرتے تھے۔

وہ قومی اسمبلی میں خواجہ ناظم الدین کے ساتھ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رہے۔ مامور مورخ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ مخدوم صاحب نے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور گورنر پنجاب کی حیثیت سے قابل قدر خدمات سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

ممتاز سندھی دانشور ہاشم ابڑو نے کہا کے مخدوم صاحب نے قائداعظم کی آواز پر لبیک کہا اور تحریک پاکستان کے وقت سندہ بلوچستان اور سرائیکی ریجن میں منفرد خدمات سر انجام دیں جس کا شکریہ قائد اعظم نے خود ادا کیا۔

ممتاز صحافی مظہر عارف نے کہا کہ مخدوم صاحب اسلامی فنون کے ماہر تھے۔ انہوں نے سب سے پہلے قومی اسمبلی میں سرائیکی صوبے کی آواز بلند کی۔ سعدیہ کمال نے کہا کہ محدوم صاحب سرائیکی صوبے کی تحریک کے بانی تھے، مسعود اختر نے کہا کہ مئیر ملتان کی حیثیت سے مخدوم صاحب نے ملتان کی تعمیر و ترقی میں منفرد کردار ادا کیا۔ تقریب سے وقار احمد پریزیڈنٹ ڈائیریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل، علامہ اظہار بخاری، علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، نعیم اکرم قریشی اور دیگر دانشوروں نے مخدوم صاحب کی قومی و دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔