سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن پرخفیہ لابنگ کے الزام میں فردِ جرم عائد

ْ سابق سفیر نے پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دیتے ہوئے ایک تاجر سے تحائف لیے،استغاثہ

جمعہ 29 اپریل 2022 13:04

سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن پرخفیہ لابنگ کے الزام میں فردِ جرم عائد
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2022ء) پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں خدمات انجام دینے والے امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن پر قطری حکومت کے لیے خفیہ لابنگ کرنے پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق رچرڈ اولسن پر واشنگٹن میں قطری مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کا کہنا تھا کہ سابق سفیر نے ریٹائر ہونے کے فورا بعد قطر کی حکومت کے لیے لابنگ کی اور پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دیتے ہوئے ایک تاجر سے تحائف لیے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ وہ قطر کی حکومت کے لیے غیرقانونی طور پر لابنگ کرنے اور بطور سفیر ملنے والے تحائف کو ظاہر کرنے میں ناکامی کے الزامات کا اعتراف کریں گے۔یاد رہے کہ رچرڈ اولسن نے 34 سال تک فارن سروس آفیسر کے طور پر کام کیا۔ وہ 2015 سے 2016 تک افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے تھے۔