پیپلزپارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہے ،ء اللہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،سردار سربلند جوگیزئی

ہفتہ 7 مئی 2022 00:05

کوئٹہ+لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہے اورانشا ء اللہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی پارٹی کے جیالے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے گھر گھر انتخابی مہم چلائیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ضلع لورالائی کے عہدیداروں و رہنماؤں کے اجلاس اور وارڈ نمبر15کمشنر کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں لورالائی ڈویژن کے صدررحمت اللہ کدیزئی،مولوی جمال ، لورالائی کے ضلعی صدر سمیت دیگر عہدیداروں و رہنماؤں نے شرکت کی اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگ میں ضلعی صدر اخونزادہ احسام الدین کاکڑ،پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما سابق ضلعی چیئرمین شمس حمزہ زئی ، ڈویڑن صدر لالا رحمت خان کدیزئی ، ضلعی جنرل سیکرٹری سردارذادہ شیردل خان جوگیزئی، اطلاعات سیکرٹری نصیب خان موسی خیل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے میونسپل کمیٹی وارڑ نمبر 15 مولانا امان اللہ صاحب ، پارٹی رہنماؤں ندیم احمد خان ، امان اللہ ملازئی ، ملک ٹکا خان حمزہ زئی، ثنا اللہ ملغانی، نواز میترزئی، وہاب علیزئی،ارباز خان چرمی،شکور خان موسی خیل، نجم الدین، مولوی نور محمد، و دیگر نے شرکت کی ۔

سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ملک گیر پارٹی ہے جس نے محکوم ،مظلوم طبقے کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی ہے پیپلز پارٹی میں ہر زبان اورقوم سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں پیپلز پارٹی کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اپنے قیام سے لیکر آج تک پیپلز پارٹی عوام کے حقوق اور ملک کیلئے قربانیاں دیتی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی اس نے چھوٹے صوبوں کو صوبائی خودمختاری اور ساحل و وسائل پر دسترس دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کیلئے ہر دور میں سازشیں ہوتی رہیں سازشیں کرنے والے خود ختم ہوگئے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کے عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں انشاء اللہ بھر پور کامیابی حاصل کریگی پارٹی کے عہدیداراں اور جیالے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے گھر گھر انتخابی مہم چلائیں ۔اس موقع پر عوا م کی بڑی تعداد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے میونسپل کمیٹی وارڑ نمبر 15 کمشنر کالونی مولانا امان اللہ کی حمایت کا اعلان کیا۔