علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اسلامی ممالک کی فاصلاتی/ورچوئل جامعات کی تنظیم، کامسٹک انٹر اسلامک نیٹ ورک آن ورچوئل یونیورسٹیزکی جنرل اسمبلی کا تیسرا اجلاس

جمعرات 12 مئی 2022 16:01

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اسلامی ممالک کی فاصلاتی/ورچوئل جامعات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اسلامی ممالک کی فاصلاتی /ورچوئل جامعات کی تنظیم، کامسٹک انٹر اسلامک نیٹ ورک آن ورچوئل یونیورسٹیز( سی آئی این وی یو)کی جنرل اسمبلی کے تیسرے اجلاس کے دوسرے دن باہمی غور و خوص کے بعد اتفاق رائے سے سی آئی این وی یو کے لئے سٹیچوز/قواعد و ضوابط تیار کرلئے گئے۔

اِن ابتدائی قواعد و ضوابط کی سافٹ کاپی ممبر ممالک کے اراکین کو فراہم کردی گئی ہے۔اجلاس نے متفقہ فیصلہ کیا کہ ضروری ترامیم کے بعد اِن سٹیچوز کی منظوری تنظیم کی جنرل باڈی کے اگلے اجلاس میں دی جائے گی۔اِس دو روزہ اجلاس میں تقریباً 43ممبر جامعات نے شرکت کی۔ ترکی، ایران، بنگلہ دیش، شام، ملایشیا، انڈونیشیا،گیبون(افریقہ)چاڈ(افریقہ)و دیگر ممالک کے جامعات نے وفود بھیج کر اجلاس میں شرکت کی جبکہ کئی ممالک کی جامعات کے نمائندوں نے آن لائن شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران ممبر جامعات نے آپس میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعلیم و تحقیق کے میدان میں شراکت داری پر غور و خوص کیا۔اجلاس کا اختتامی سیشن جمعرات کو منعقد ہوا۔ اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور بنگلہ دیش یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مابین تعلیم و تحقیق، طلبہ و فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے اشتراک کے لئے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کی دستاویزات پر اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم اور بنگلہ دیش یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر فریدالعالم نے دستخط کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اسلامی ممالک کے جامعات کے مابین مباحثوں کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم اور قواعد و ضوابط کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی این وی یو کے لئے سٹیچوز کی تیاری سے ہمیں سرگرمیوں کے انعقاد، بجٹ و غیرہ کے مسائل پیش نہیں آئیں گے اور تنظیم ایک منظم انداز میں اپنی سرگرمیوں کا انعقاد کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی نے مرکزی کیمپس کے اندر تین ایکسلینس مراکز قائم کئے ہیں جن میں ایکسی لینس سینٹر برائے سیرت النبیؐ، اقبال چئیر اور تاریخ کے ساتھ مکالمہ کی چیئر شامل ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی برادر اسلامی ممالک بطور خاص ایران اور ترکی کے ساتھ اِن تینوں شعبہ جات میں تحقیق کی خواہاں ہے۔ سی آی این وی یو کے ممبر ممالک کے جامعات کے سربراہان نے تیسری جنرل اسمبلی کی کامیاب انعقاد،انتظامات اور شاندار مہمان داری پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازں غیر ملکی وفود کو یونیورسٹی میں قائم تینوں ایکسیلینس مراکز کا دورہ بھی کرایا گیا۔