Live Updates

عمران خان! ایٹم بم گرانے کی مکروہ بات کرتے تمہیں شرم آنی چاہیئے

تم جانتے بھی ہو کیا اول فُول بک رہے ہو یا مکمل طور پر مت ماری گئی ہے؟ مرکزی نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 مئی 2022 23:13

عمران خان! ایٹم بم گرانے کی مکروہ بات کرتے تمہیں شرم آنی چاہیئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13مئی 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان! ایٹم بم گرانے کی مکروہ بات کرتے تمہیں شرم آنی چاہیئے، تم جانتے بھی ہو کیا اول فُول بک رہے ہو یا مکمل طور پر مت ماری گئی ہے؟ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ “اس سے بہتر تھا کہ پاکستان پر ایٹم بم گرا دیا جاتا۔”  عمران خان ہمارے ملک کے بارے میں ایسی مکروہ بات کرتے ہوئے تمھیں شرم آنی چاہیے۔

جانتے بھی ہو کیا اول فُول بک رہے ہو؟ یا مکمل طور پر مت ماری گئی ہے؟ یاد رہے جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا کہ جب تک الیکشن کا اعلان نہیں ہوگا ، تب تک کسی سے بات نہیں ہوگی، اسٹیبلشمنٹ سے پیغامات آرہے ہیں کسی سے بات نہیں کررہا، میں نے ان لوگوں کے نمبرز بلاک کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ کرپشن اہم شخصیات اور ہمارا ایک ایشو ہے،لیکن مجھے کہا گیا کرپشن کیسز کی بجائے کارکردگی پر توجہ دیں، سوچ نہیں سکتا تھا کہ کرپشن طاقتور حلقوں کا مسئلہ نہیں ہے، ان چوروں کو حکومت دینے سے بہتر تھا پاکستان پر ایٹم بم گرا دیے، ہمیشہ ایسے فیصلے ہوئے کہ میری حکومت کمزور رہے، اگر 30 لوگوں کا فاروڈ بلاک بن جاتا تو ن لیگ کی سیاست ختم ہوجاتی، لیکن ن لیگی ایم پی ایز کو پیغام دیا گیا جہاں ہیں وہیں رہیں۔

8، 10لوگوں کو کرپشن پر سزا ہونی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہونے دیا گیا۔سازش کرنے والوں نے غلط اندازہ لگایاان کو نہیں پتا تھا کہ اتنے لوگ باہر آجائیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ سے دو ایشو پر عدم اتفاق تھا وہ چاہتے تھے عثمان بزدار کو ہٹایا جائے، دوسرا جنرل فیض کی تعیناتی کا مسئلہ ہوا، میں سردیوں تک رکھنا چاہتا تھا اس کی وجہ داخلی اور افغانستان کی صورتحال تھی، اسٹیبلسمنٹ سے آخری دن تک تعلقات اچھے رہے۔

 اس سے قبل مریم نوازنے ٹویٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب تمھارا کیا دھرا ہے۔ لوگوں کو بےوقوف مت سمجھو۔ چار سال کی بدترین کارکردگی کا حساب دو۔ پاکستان اور اسکی معیشت کو اس حال کو پہنچانے کے ذمہ دار تم ہو۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ سوال تم سے ہی پوچھا جائے گا۔ اور تمھیں جواب دینا پڑے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات