شہری ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لائیڈ ہسپتال فیصل آباد

بدھ 18 مئی 2022 13:30

شہری ہیٹ سٹروک  سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ایڈیشنل میڈیکل ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایڈمن ڈاکٹر محمد فہیم یوسف نے شدید گرمی کی جاری لہر میں شہریوں کوہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے مکمل احتیاط کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی جان لیوا ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتی ہےاس لیے شہری اس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ الائیڈ ہسپتال میں ہیٹ سٹروک سے متاثرہ مریضوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

اے پی پی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بخار،جسم پر دانے، تیز نبض،غنودگی،ہیٹ سٹروک اورشدید پسینہ،پیلاہٹ،الٹی،متلی،قے، سردرد گرمی کی شدت سے نڈھالی کی علامات ہیں، ہیٹ سٹروک کی صورت میں مریض کو ٹھنڈی ہوا دار جگہ پر رکھیں ،تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کریں،ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ،سر،گردن اورچہرے کو ڈھانپ لیں،ورزش اور مشقت سے پرہیز کریں،ڈھیلے ڈھالے، ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں،چھتری اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں،دن میں تازہ پانی سے تین چار بارغسل کریں،نمکول والے پانی کااستعمال وقفے وقفے سے کریں، ایئرکنڈیشنڈکے ٹھنڈے ماحول سے ایک دم باہر نہ نکلیں بلکہ بتدریج برآمدہ میں کچھ دیر ٹھہر کر باہر نکلیں، اسی طرح دھوپ سے ٹھنڈے کمرے میں آنے سے پہلے سائے میں پسینہ خشک کریں اورہمیشہ پسینہ خشک کرنے کے بعد تازہ پانی سے نہائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرفیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال کی رہنمائی و معاونت سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں مریضوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جہاں تمام آلات اور طبی سہولیات وافر مقدار میں موجود و فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں ادویات اور وارڈز میں ڈاکٹرز مریضوں کا خود چیک اپ کرتے ہیں جبکہ الائیڈ ہسپتال کی انتظامیہ ہمیشہ فعال نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر، گائنی،ایمرجنسی سروسز، میڈیکل،آرتھوپیڈک سمیت تمام شعبوں میں الائیڈ ہسپتال کے معالجین پر عوامی اعتماد انہیں مزید بہتری کیلئے حوصلہ اور طاقت فراہم کرتا ہے۔