سیاسی جماعتیں بنیادی فریم ورک طے کریں اورحکومتیں چلنے دیں ؛ فواد چوہدری

ہمیں خود ساختہ تجربے بند کرنا ہوں گے‘ دس ماہ میں کوئی ملک یا نظام تبدیل نہیں ہوسکتا ‘ الیکشن کرائیں کیوں کہ اصلاحات وہ حکومت کرسکتی ہے جس کی جڑیں عوام میں ہوں ۔ پی ٹی آئی رہنماء کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 20 مئی 2022 14:27

سیاسی جماعتیں بنیادی فریم ورک طے کریں اورحکومتیں چلنے دیں ؛ فواد چوہدری
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے زور دیا ہے کہ سیاسی جماعتیں بنیادی فریم ورک طے کریں اورحکومتیں چلنے دیں ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں خود ساختہ تجربے بند کرکے دنیا کے تجربہ سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے اور دنیا کا تجربہ یہ ہے کہ وہ حکومت اصلاحات کرسکتی ہے جس کی جڑیں عوام میں ہوں ۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ دس ماہ میں کوئی ملک یا نظام تبدیل نہیں ہو سکتا ، سیاسی جماعتیں آپس میں بنیادی فریم ورک طے کریں ، الیکشن کرائیں اور حکومتیں چلنے دیں۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ معاشی حالات کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے اور اگر مشکل فیصلے نہیں کرنے تو جتنی جلدی ہوسکے الیکشن کرالیں ، ورنہ حالات اتنے خراب ہوجائیں گے کہ الیکشن کی اہمیت ختم ہوجائے گی ، مشکل فیصلوں کے سیاسی اثرات ہوں گے جن پر عوام کی طرف سے بھی ردعمل آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کرنے ہوں گے کیوں کہ آج معاشی حالات اتنےخراب ہیں کہ صدر، عدلیہ اور سیاسی قیادت کو بیٹھنا ہوگا ، قومی سلامتی کمیٹی میں عسکری قیادت اور سیاسی قیادت ہوتی ہے، چاہتے ہیں مشکل فیصلے کریں تو قومی سلامتی کمیٹی کے تمام ممبران ساتھ دیں ، اس حوالے سے ایک اجلاس بلائیں جس میں چیف جسٹس سمیت سب کو مدعو کریں جہاں معاشی صورتحال اور مشکل فیصلے سب کے سامنے رکھیں اور ان پر سب کو اعتماد میں لے کر ذمہ داری قبول کریں۔