تمباکو اور گٹکے کی تشہیر بالی وڈ فنکاروں کو مہنگی پڑگئی

امیتابھ بچن ،شاہ رخ ،اجے دیوگن اور رنویر سنگھ کیخلاف گٹکا ،تمباکو کے استعمال کی ترغیب دینے پرعدالت میں درخواست دائرکردی گئی

ہفتہ 21 مئی 2022 10:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکارامیتابھ بچن سمیت شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ کے خلاف گٹکا اور تمباکو کے استعمال کی ترغیب دینے پرعدالت میں درخواست دائرکردی گئی۔ریاست بہارکی عدالت میں دائر درخواست میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اجے دیوگن کو گٹکے اور تمباکو کے استعمال کو فروغ دینے کا ذمہ دار قراردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بالی وڈ اداکاراجے دیوگن تمباکو کی ایک کمپنی کے برینڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کرچکے ہیں، شاہ رخ خان بھی گزشتہ برس گٹکے کی تشہیر کا حصہ بنے، امیتابھ بچن نے بھی بطوربرینڈ ایمبیسڈرمعاہدہ کیا جسے بعد ازاں منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ رنویرسنگھ بھی گٹکے کی تشہیر کرتے دیکھے گئے تھے۔ان اداکاروں کیخلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مظفر پور عدالت سے رجوع کرنے سے قبل تمنا ہاشمی نامی سماجی کارکن نے دعویٰ کیا تھا کہ گٹکے کے اشتہارات میں فنکاروں کے ذریعے عوام کو تمباکو کے استعمال کی ترغیب دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کو درخواست میں نامزد ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اورجعلسازی کے تحت مقدمہ درج کرنے کی اپیل کی گئی ہے، جس پرمناسب وقت پرسماعت متوقع ہے۔گزشتہ ماہ اکشے کماربھی تمباکو کی ایک پروڈکٹ کے اشتہار میں نظرآئے لیکن مداحوں کی شدید تنقید پراداکار نے فوری طور پر معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔