اوپن یونیورسٹی نےانگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کا افتتاح کر دیا

بدھ 25 مئی 2022 12:03

اوپن یونیورسٹی نےانگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کا افتتاح کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے گوجرانوالہ ریجن میں معاشی طور پر پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے13سے 20سال کے نوعمروں کے لئے" 2سالہ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام "کا افتتاح کردیا گیا۔یہ پروگرام امریکی قونصل خانے کی مالی تعاون سے پیش کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں امریکی قونصل جنرل، مکنولے نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزیر توانائی، خرم دستگریر خان کے علاوہ امریکی قونصلیٹ کے ڈپٹی پبلک افئیرز افیسرہاول ،گوجرانوالہ ریجن کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر قیصر کاظمی، انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کی فوکل پرسن، ڈاکٹر سائرہ مقبول اور طالبات کی کثیر تعداد بھی افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوءے امریکی قونصل جنرل، مکنولے کا کہنا تھا کہ اس سال امریکا اور پاکستان کی تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ وہ نوجوان ہیں جو پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات ایک کریں گے۔ خرم دستگریر خان نے کہا کہ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام میں 24ہزار پاکستانی حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام پاکستانی بچوں کے مستقبل کا تعین کرے گا۔خرم دستگیر خان نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

ڈاکٹر سائرہ مقبول کے مطابق 2سالہ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام مکمل طور پر امریکی قونصل خانے لاہور کی جانب سے مالی اعانت فراہم کرنے والا پروگرام ہے، پہلے پروگرام کی مکمل کامیابی کے بعد یونیورسٹی نے اس پروگرام کو دوبارہ شروع کرکے داخلے کئے، 800فارم موصول ہوئے تھے، تحریری امتحان اور انٹرویوکے بعد 100بچوں کومنتخب کیا گیا جن میں 50لڑکیاں اور 50لڑکے شامل ہیں۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاالقیوم نے امید ظاہر کی ہے کہ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام نئی نسل میں مقابلہ کرنے اور شرکت کرنے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا اور وہ بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم اور روزگار حاصل کرسکیں گے۔واضح رہے کہ اوپن یونیورسٹی نے دیگر جامعات کے ساتھ اس پراجیکٹ کے حصول کے لئے تجویز پیش کی تھی اور مقابلے میں پراجیکٹ حاصل کرلیا تھا۔

ڈاکٹر سائرہ کے مطابق یہ پروگرام گوجرانوالہ کے طلبہ و طالبات کے لئے پیش کیا گیا ہے،ہفتے میں تین دن سکولز کے اوقات کے بعد یونیورسٹی کے ریجنل کیمپسگوجرانوالہ میں کلاسسز ہوں گی۔ واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام بالکل مفت ہے، کتب، سٹیشنری اور مارکرز وغیرہ امریکی سفارتخانے کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔کورس کی کامیاب تکمیل پر طلبہ کو امریکی سرٹیفیکیشن دیا جائے گا۔ امریکی قونصلیت کی جانب سے 100طالبات کو ٹیبلٹس بھی ملے ہیں۔