Live Updates

حکومت اور اپوزیشن میں معاہدہ طے‘ تحریک انصاف صرف جلسہ کرے گی

عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے۔ حکومت اور اپوزیشن کا مزاکرات میں اتفاق

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 15:13

حکومت اور اپوزیشن میں معاہدہ طے‘ تحریک انصاف صرف جلسہ کرے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2022ء) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ طے پایا گیا ہے ، معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، اب لانگ مارچ نہیں صرف جلسہ ہوگا اور عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے ، جس میں حکومت کی جانب سے ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی پرویز خٹک اور اسد عمر نے کی۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل کردی ، سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی ہے ، جس کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ سب سے گزارش ہے کہ اپنے ساتھ پاکستان کا جھنڈا لے کر جائیں ، آج پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا ہے ، جس کے آغاز پر بھی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کر رہا ہوں ، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں ، میں خیبرپختونخوا کے عوام کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے ولی انٹرچینج پہنچنا ہے جہاں سے میں اس کاروان کی قیادت کروں گا اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے ، مجھے امید ہے سب نکلیں گے کیوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات