اسلام آباد کے تمام ٹوبیکو سیلرز کی ایکسائز اسلام آباد میں کمپیوٹرائز رجسٹریشن کر رہے ہیں،ڈائریکٹر بلال اعظم

ہفتہ 28 مئی 2022 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تمام ٹوبیکو سیلرز کی ایکسائز اسلام آباد میں کمپیوٹرائز رجسٹریشن کر رہے ہیں،رجسٹریشن کے بعد انھیں قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرنا ہوگا۔اسلام آباد ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم سن افراد کو سگریٹ فروخت نہیں کئے جا سکتے،سکول اور کالج کی حدود میں سگریٹ فروخت نہیں کئے جا سکتے، مزید یہ کہ غیرملکی سگریٹ فروخت نہیں کئے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 537 مقامات کو سموک فری زون بنایا گیا ہے جن میں پبلک پارکس، ہائی رائز بلڈنگز، ہوٹلز ، پبلک ٹرانسپورٹ اور ریسٹورنٹس بھی سموک فری مقامات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو ٹو بیکو فری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،سمگل شدہ سگریٹس کے خلاف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے ریکارڈ آپریشن کیا،پانچ لاکھ سے زائد سمگل شدہ سگریٹ قبضے میں لئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سکولوں اور کالجوں کے قریب سگریٹ کی فروخت کو مکمل کنٹرول کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور اس کے بعد دوسرے صوبوں میں بھی ٹوبیکو وینڈر ایکٹ لا رہے ہیں،معاشرے کو ٹوبیکو فری کرنے کے لئے عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد بلال اعظم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہریار عارف، وزارت صحت کی ڈاکٹر ثمرہ مظہر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :