ٹیوب ویلز مافیا اور ٹینکرمافیا نے ہزارہ ٹاون کے رہائشیوں کو یرغمال بنارکھا ہے،علی محمدی

فی ٹینکر پانی 6سے 8ہزار روپے میں فروخت کیا جارہاہے ،صدراتحاد تاجران بلوچستان

ہفتہ 28 مئی 2022 20:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) اتحاد تاجران بلوچستان کے صدر علی محمدی نے کہا ہے کہ ٹیوب ویلز مافیا اور ٹینکرمافیا نے ہزارہ ٹاون کے رہائشیوں کو یرغمال بنارکھا ہے اورفی ٹینکر پانی 6سے 8ہزار روپے میں فروخت کیا جارہاہے جبکہ واسا نے اپنی پائپ لائنیں پرائیویٹ ٹیوب ویلز کو ٹھیکے پر دے رکھی ہیں حکومت فوری اسکا نوٹس لیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اتحاد تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے افراد اور خواتین کئی دنوں سے ہزارہ ٹاون اور علمدار روڈ پر پانی و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کیسکو کی جانب سے واسا کے ٹیوب ویلز کے کنکشن کاٹنے سے پانی کی قلت پیدا ہوئی بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر کیسکو نے تمام تر ٹیوب ویلز کی بجلی بحال کردی جس کے بعد عوام کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ واسا شہریوں کو پانی فراہم کرنے کا پابند ہے مگر بدقسمتی سے ہزارہ ٹاون میں واسا کی پائپ لائنیں پرائیویٹ ٹیوب ویلز مالکان کو ٹھیکے پردی گئی ہیں جو عوام کو دوگنی قیمت پر پانی فروخت کر رہے ہیں شہر میں واسا کی جانب سے ماہانہ بل 330روپے وصول کیا جاتا ہے جبکہ پرائیویٹ ٹیوب ویلز مالکان ہزارہ ٹاون میں فی گھر 1000سے 1500روپے وصول کرنے کے باوجود پانی فراہم نہیں کرتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہزارہ ٹاون اورعلمدار روڈکو فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس شدید گرمی میں بھی ہزارہ ٹاون اور گردونواح میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس سے گھریلو خواتین کو کھانا بنانے میں سخت مشکلات درپیش ہیں سوئی سدرن گیس کمپنی فوری طورپرعلاقے میں گیس پریشر کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے۔